اسلام آباد: احتساب عدالت میں جاری کرپشن کیسز کی سماعت کے باعث وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار عالمی مالیاتی اداروں، ورلڈ بینک اور انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے بورڈ آف گورنرز کے سالانہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔

عالمی مالیاتی اداروں کے سالانہ اجلاس اسحٰق ڈار کی احتساب عدالت میں 12 اکتوبر کو ہونے والی پیشی کے موقع پر 9 اکتوبر سے 15 اکتوبر کے درمیان منعقد ہوں گے۔

مزید پڑھیں: آمدن سے زائد اثاثے: اسحٰق ڈار پر فردِ جرم عائد

ڈان اخبار نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ 2013 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب اسحٰق ڈار ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، اور ان کی جگہ فنانس سیکریٹری شاہد محمود پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جس میں اسٹیٹ بینک کے گورنر بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے ’آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں‘ گذشتہ ماہ دائر ایک ریفرنس میں اسحٰق ڈار کے خلاف فرد جرم عائد کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: فرد جرم عائد کیے جانے کے خلاف اسحٰق ڈار کی پٹیشن خارج

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی اداروں کے مذکورہ اجلاس میں مرکزی بینکرز، فنانس اور ترقی کے وزراء، پارلیمنٹیرینز، نجی شعبے کے ایگزیکٹوز اور سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندے عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے، جس میں عالمی اقتصادی نقطہ نظر، غربت کے خاتمے، اقتصادی ترقی، اور امداد کے طریقہ کار وغیرہ شامل ہیں۔

اس موقع پر ڈویلپمنٹ کمیٹی، انٹرنیشنل مونیٹری اور مالیاتی کمیٹی، گروپ 10، گروپ 24 اور دیگر حوالوں سے اجلاس ہوں گے۔


یہ رپورٹ 8 اکتوبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں