اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 19 پیسے تک اضافہ کردیا۔

اوگرا کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 49 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 19 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 3 روپے اضافہ کردیا گیا۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 75 روپے 99 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی 84 روپے 59 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

مٹی کے تیل کی نئی قیمت 53 روپے 19 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی 49 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

موجودہ دور حکومت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا اعلان وزارت خزانہ کرتی ہے، تاہم وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے قیمتوں اضافے کا اعلان اوگرا کو کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے اضافے کا اعلان

نئی قیمتوں کا اطلاق منگل کی رات 12 بجے سے کردیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

اسی طرح مٹی کا تیل 4 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 2 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں