صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ضلع مردان کے علاقے شیر گڑھ میں شگوناکہ پولیس چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں فرحاد علی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ کانسٹیبل نواز زخمی ہوا جس کے بعد اسے فوری طور پر تخت بائی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

مزید پڑھیں: جنوبی وزیرستان: چیک پوسٹ کے قریب دھماکا، ایک سیکیورٹی اہلکار شہید

واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی۔

پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مالاکنڈ اور مردان ڈویژن میں آپریشن کا آغاز کردیا۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرایجنسی: افغانستان سے دہشت گردوں کا امن لشکر کے مورچوں پر حملہ

اس سے قبل 30 اکتوبر کو پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی خیبر ایجنسی میں افغانستان کے سرحدی علاقے سے دہشت گردوں نے امن لشکر کے مورچوں پر فائرنگ کی تھی تاہم رضاکاروں کی جوابی کارروائی میں دونوں حملہ آور ہلاک ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں