پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک جوان شہید ہوگیا۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکا آئی ای ڈی کے ذریعے جنوبی وزیرستان کی تحصیل سروکئی میں قائم سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب اس وقت ہوا جب ایف سی اہلکار پیٹرولنگ میں مصروف تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ایک ایف سی جوان شہید ہوگیا اور ایک زخمی ہوگیا۔

مزید پڑھیں: خیبرایجنسی: افغانستان سے دہشت گردوں کا امن لشکر کے مورچوں پر حملہ

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد دھماکے کے مقام پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شرپسندوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی خیبر ایجنسی میں افغانستان کے سرحدی علاقے سے دہشت گردوں نے امن لشکر کے مورچوں پر فائرنگ کی تھی تاہم رضاکاروں کی جوابی کارروائی میں 2 حملہ آوروں کے ہلاک ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ خیبر ایجنسی افغان سرحد کے ساتھ پاکستان کے قبائلی علاقے میں وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں سے ایک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان سے دہشتگردوں کا حملہ، زخمی سپاہی چل بسا

پاک افغان سرحد پر ان قبائلی علاقوں میں فوج متعدد آپریشنز کر چکی ہے جس کے بعد یہاں سیکیورٹی صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔

خیبر ایجنسی میں گذشتہ 2 برس میں 2 آپریشن خیبر-ون اور خیبر-ٹو کیے گئے جبکہ شمالی وزیر ستان میں جون 2014 سے آپریشن ضرب عضب جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں