پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز اسپنرسعید اجمل نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور محمد حفیط نے ان سے رابطہ کیا تو وہ ایک مہینے کے اندر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو درست کردیں گے۔

ڈان نیوز کو ایک انٹرویو میں سعید اجمل کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے 2014 میں معطل کیے جانے کے بعد ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد نے باؤلنگ ایکشن کی درستی کے لیے ان کی مدد کی تھی۔

یاد رہے کہ آئی سی سی نے رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو غیرقانونی قرار دییتے ہوئے تیسری مرتبہ باؤلنگ سے معطل کردیا تھا۔

مزید پڑھیں:محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن ایک مرتبہ پھر غیر قانونی قرار

سعید اجمل نے پی سی بی کو نوٹس لینے پر زور دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا کہ آئی سی سی صرف پاکستانی باؤلرز کو نشانہ بنا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر پی سی بی چند مثبت اقدامات اٹھائے تو مجھے امید ہے کہ دوبارہ پاکستانی باؤلرز کو ان کے باؤلنگ ایکشن پر نشانہ نہیں بنایا جائے گا'۔

قبل ازیں سعید اجمل نے اے ایف پی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اسی بات کو دہرایا تھا کہ 'ایسا لگتا ہے کہ یہ نظام میرے اور محمد حفیظ کے لیے ہے جبکہ مشکوک باؤلنگ ایکشن کے حامل دیگر باؤلرز تاحال کھیل رہے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں:سعید اجمل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

رواں ماہ کے آغاز میں بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کرنے والے سعید اجمل نے فیئرویل کے طور بین الاقوامی میچ کے موقع کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کو اس حوالے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا۔

انھوں نے کہا کہ 'میں ان سے (پی سی بی) سے بھیک نہیں مانگوں گا'۔

پی سی بی کی جانب سے 2016 میں الوداعی تقریب کی پیش کش کو بھی سعید اجمل نے رد کرتے ہوئے اپنے کیریئر کو جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں