یہ یورپی ملک وہاں بسنے پر لاکھوں روپے دے گا

22 نومبر 2017
— فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز
— فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز

اگر تو آپ سوئٹزرلینڈ میں بسنے کا خواب دیکھتے ہیں تو لگتا ہے کہ تعبیر اب سامنے آنے والی ہے۔

جی ہاں اگر آپ سوئٹزرلینڈ کے ایک خوبصورت قصبے البینین میں رہائش اختیار کرلیتے ہیں تو وہاں بسنے کے لیے معاوضہ دیا جائے گا۔

درحقیقت انتظامیہ کی جانب سے ہر فرد کو وہاں بسنے پر 25 ہزار سوئس فرانک (26 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) دیئے جائیں گے۔

اس مقصد کے لیے وہاں کی مقامی کونسل میں ایک نئے اقدام کے لیے ووٹنگ ہونے والی ہے جس کا مقصد اس قصبے کی آبادی کو بڑھانا ہے جو گھٹ کر صرف 240 رہ گئی ہے۔

اس منصوبے کے تحت ہر بالغ فرد کو مستقل رہائش اختیار کرنے پر معاوضہ دیا جائے گا جو اوپر درج کیا جاچکا ہے جبکہ فی بچہ اضافی دس ہزار سوئس فرانک (دس لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) دیئے جائیں گے۔

اسی طرح چار افراد کے خاندان کے لیے یہ معاوضہ مجموعی طور پر 74 لاکھ پاکستانی روپے کے قریب ہوگا۔

یہاں بسنے والے بیشتر خاندان پہلے ہی کسی اور جگہ منتقل ہوچکے ہیں جس کے نتیجے میں وہاں کا اسکول بھی بند ہوگیا ہے۔

ویسے یہاں کی سب سے زیادہ آبادی 1900 میں صرف 380 ریکارڈ کی گئی تھی۔

تاہم وہاں بسنے کے لیے چند شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔

یعنی نئے شہریوں کی عمر 45 سال سے کم ہونی چاہئے، کل وقتی رہائش کے لیے جائیداد خریدنے یا تعمیر کرنے کی ضرورت ہوگی جس کی مالیت کم از کم دو لاکھ سوئس فرانک ہونی چاہئے۔

وہاں بسنے والے کو کم از کم دس سال وہاں رہنا ہوگا دوسری صورت میں معاوضہ واپس کرنا ہوگا۔

وہاں کی انتظامیہ کو امید ہے کہ نئے افراد کے آنے سے زوال پذیر معیشت کو ٹیکسوں، تعمیراتی معاہدوں اور مقامی اشیاءکی خریداری سے فائدہ ہوگا۔

اس خوبصورت قصبے کا بیشتر حصہ فارم لینڈ اور جنگلات پر مشتمل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں