ایشز سیریز: دوسرا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2017
انگلش کپتان 67 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں—فوٹو:اے ایف پی
انگلش کپتان 67 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں—فوٹو:اے ایف پی

انگلینڈ نے ایشز سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں 138 آؤٹ کرنے کے بعد 4 وکٹوں پر 176 رنز بنا کر میچ کو دلچسپ بنادیا۔

ایڈیلیڈ میں جاری ایشز کی تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ میچ کے چوتھے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 53 رنز بنائے تھے تاہم پہلی اننگز کی طرح بڑا اسکور ترتیب دینے میں ناکام رہی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ناتھن لایون تھے جو 71 کے اسکور پر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد ہینڈ کومب بھی آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کوئی بھی بلے باز ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا تاہم مچل اسٹارک 20 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مچل مارش 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 442 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کرنے والی آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں جیمز اینڈرسن کی بہترین باؤلنگ کے سامنے صرف 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 354 رنز کا ہدف دے دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے تجربہ کار باؤلر جیمز اینڈرسن نے 5، کرس ووکس نے 4 اور اورٹن نے ایک وکٹ حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنر الیسٹر کک اور اسٹومین نے 53 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم کک 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اسٹومین بھی 36 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ذمہ داری سنبھالتے ہوئے 67 رنز کی اننگز کھیلی اور دن کے اختتام تک وکٹ پر موجود تھے اور کرس ووکس 5 رنز بنا کر ان کا ساتھ دے رہے تھے۔

انگلینڈ نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں پر 176 رنز بنائے تھے اور جیت کے لیے مزید 178 رنز درکار ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرکے 1-0 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں