ایڈیلیڈ: کرکٹ آسٹریلیا کی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار فتح کے بعد ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کیلئے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا اور آل راؤنڈر مچل مارش کو ٹیم میں طلب کر لیا گیا ہے۔

دوسرے ٹیسٹ کے مین آف دی میچ شان مارش کے بھائی مچل مارش رواں برس مارچ میں دورہ بھارت کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث وہ نو ماہ سے ٹیم سے دور ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے آل راؤنڈر کو ٹیم میں شامل کرتے ہوئے ان کی جگہ چیڈ سیئرز کو ڈراپ کر دیا ہے۔

توقع ہے کہ مچل مارش پرتھ ٹیسٹ میں اپنے بھائی شان مارش کو جوائن کریں گے اور اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ انہیں تیسرے ٹیسٹ میں چوتھے باؤلر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 14 دسمبر سے شروع ہو گا اور میزبان کینگروز کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔

اعلان کردہ اسکواڈ کپتان اسٹیون اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر، کیمرون بین کرافٹ، جیکسن برڈ، پیٹ کمنز، پیٹر ہینڈزکومب، جوش ہیزل وُڈ، عثمان خواجہ، نیتھن لایون، مچل مارش، شان مارش، ٹم پین اور مچل اسٹارک پر مشتمل ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں