کراچی: لیاری کے علاقے بغدادی میں فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عدیل حسین چانڈیو نے ڈان کو بتایا کہ مقامی بلڈر روزی خان نیازی کے بیٹا رئیس نیازی بغدادی کے ایک ہوٹل میں موجود تھا کہ دو مسلح افراد، مبین اور فضل داد نے بھتہ نہ دینے پر رئیس پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے قریب سے گزرنے والے 4 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں علاج کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ سے رئیس کے ہلاک ہونے کے بعد مشتعل ہجوم نے حملہ آوروں پر تشدد کیا، جس سے فضل داد ہلاک اور مبین زخمی ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے باپ، بیٹا ہلاک

عدیل حسین چانڈیو کا کہنا تھا کہ مبین اور فضل داد راجہ پٹھان گینگ کا حصہ تھے، جبکہ فضل کا بھائی مصطفیٰ گزشتہ سال پولیس انکاؤنٹر میں مارا گیا تھا۔

ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی ایس پی) آزاد خان نے کہا کہ رئیس نے مصطفیٰ کے انکاؤنٹر میں کردار ادا کیا تھا۔

انسپیکٹر جنرل سندھ پولیس (آئی جی پی) اے ڈی خواجہ اور صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس میں ملوث تمام افراد کی بروقت گرفتاری کی ہدایت کردی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں