پاکستانی اداکار فواد خان نے بولی وڈ میں اپنے گزارے دنوں میں تین اہم فلموں میں کام کیا، اور اس دوران انہیں اور بہت سی فلموں کی آفر بھی مل چکی تھی۔

تاہم ہندوستان میں پاکستانی فنکاروں پر لگی پابندی کے بعد فواد خان دوبارہ کسی فلم میں کام کرتے نظر نہیں آئے۔

اس کے باوجود بھی وہ بہت سے ہندوستانی ہدایت کاروں کی پسند رہے، جن میں سے ایک بولی وڈ ہدایت کار اکشت ورما بھی ہیں۔

اکشت ورما اس وقت اپنی فلم ’کالا کنڈی‘ کی عکس بندی میں مصروف ہیں، جس میں اداکار سیف علی خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

البتہ اکشت کے مطابق فلم ’کالا کنڈی‘ میں سیف سے قبل وہ فواد خان کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ میں فواد خان کے چرچے

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اکشت ورما کا کہنا تھا کہ ’اس فلم کے لیے فواد خان سے رابطہ کیا جارہا تھا لیکن جو بھی ہوتا ہے اچھے کے لیے ہوتا ہے اور سیف علی خان سے بہتر اس کردار کو کوئی ادا نہیں کرسکتا تھا‘۔

خیال رہے کہ فلم ’کالا کنڈی‘ 6 کرداروں کے گرد گھومتی کہانی ہے جن کی زندگی 12 گھنٹوں کے دوران ایک دوسرے سے جڑ جاتی ہے۔

اس فلم کا حال ہی میں پہلا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا ہے، جسے کافی پسند کیا گیا۔

فلم میں سیف کے علاوہ دیپک دوبریال، ویجے راز، کنال روئے کپور، سوبھیتا، اکشے اوبرائے، ایشا تلوار اور شیناز ٹریجری اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

فلم ’کالا کنڈی‘ اگلے سال 12 جنوری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پہلی فلم نہیں جس کے لیے فواد خان اور سیف علی خان دونوں سے رابطہ کیا گیا ہو۔

یہ بھی پڑھیں: ’میں جانتا ہوں مجھ سے غلطی ہوئی‘

اس سے قبل 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ میں فواد خان نے اہم کردار ادا کیا تھا جسے مداحوں نے خوب پسند کیا، اس کردار کے لیے سیف علی خان کو پہلے منتخب کیا گیا تھا، البتہ انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کیا۔

جبکہ بعدازاں سیف علی خان نے ایک شو میں قبول کیا کہ فلم ’کپور اینڈ سنز‘ میں کام سے انکار کرنا ان کی بہت بڑی غلطی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں