اسلام آباد: آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فلسطینی سفیر کو یقین دہانی کروائی ہے کہ فلسطین کی سرزمین پر اسرائیلی قبصے کے خلاف ہر ممکنہ تعاون جاری رہے گا۔

راولپنڈی میں آرمی ہیڈ کواٹر (جی ایچ کیو) میں فلسطینی وفد سے ملاقات میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین اور کشمیر کو ایک جیسا تصور کرتا ہے اور متاثرہ ریاستوں کے لیے ’قومی، سیاسی، اخلاقی’ حمایت جاری رہے گی۔

یہ پڑھیں: پاکستان کی بیت المقدس کے حوالے سے ممکنہ امریکی فیصلے کی مخالفت

یاد رہے کہ ٹرمپ نے 6 دسمبر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے یہاں منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلامی ممالک کے تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکی پہنچ چکے ہیں جہاں امریکا کے خلاف مشترکہ لائحہ کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں امریکا کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر غور ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:بیت المقدس سے متعلق ٹرمپ کے فیصلے پر دنیا بھر میں تنقید

واضح رہے کہ ترکی کے لیے پاکستانی وفد میں وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف اور پنچاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں بیت المقدس سے متعلق حالیہ امریکی فیصلے پر پاکستانیوں کے جذبات اور فلسطین کے لیے ہر ممکن تعاون کا اظہار کریں گے۔

وزارت خارجہ کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم او آئی سی ممالک پر زور دیں گے بیت المقدس کے معاملے پر متحد ہو کر امریکا کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کے لیے مجبور کیاجائے۔

بعد ازاں آرمی چیف کی سعودی نائب وزیردفاع محمدبن عبداللہ سے ملاقات ہوئی جس میں سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


یہ خبر 13دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں