’زہر پلاتا ہے مجھ سے پوچھو‘

13 جنوری 2018
کنگنا رناوٹ نے کرن جوہر پر ایک شو کے دوران دوبارہ مزاحیہ انداز میں تنقید کردی —۔
کنگنا رناوٹ نے کرن جوہر پر ایک شو کے دوران دوبارہ مزاحیہ انداز میں تنقید کردی —۔

بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ اور ہدایت کار کرن جوہر کے درمیان ہوئے جھگڑے کے بارے میں کون نہیں جانتا، تاہم اب ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ان دونوں نے پچھلی تمام باتوں کو بھلا کر ایک مرتبہ پھر دوستی کرلی ہے۔

دراصل ہوا کچھ یوں کہ کرن جوہر ’انڈیا نیکسٹ سپر اسٹارز‘ نامی شو کا حصہ ہیں، جہاں شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات مہمان بن کر شو کا حصہ بنتی ہیں۔

مزید پڑھیں: ‘کنگنا کو خوشی سے دوبارہ شو پر بلاؤں گا‘

اس شو پر جب کنگنا رناوٹ کو مدعو کرنے کے حوالے سے کرن جوہر سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ کنگنا کو خوشی سے دوبارہ شو پر بلائیں گے۔

کرن جوہر کا کہنا تھا کہ ’مجھے یقین ہے اگر اسٹار پلس نے کنگنا کو یہاں آنے کی دعوت دی، تو مجھے بےحد خوشی ہوگی، ہمارا دل بڑا ہے، اور ہمارے گھر کا دروازہ سب کے لیے کھلا ہے، میں خوشی، پیار اور احترام سے اس شو پر ان کا استقبال کروں گا‘۔

جس کے بعد کنگنا رناوٹ بھی ان کے شو کا حصہ بننے میں بالکل نہیں کترائیں۔

تاہم کنگنا رناوٹ سے اس بار بھی اپنے مزاحیہ انداز میں کرن جوہر کو تنقید کا نشانہ بنادیا۔

شو کے دوران ایک سیگمنٹ رکھا گیا، جس کا نام تھا ’آپ ایک دوسرے کو کتنا جانتے ہیں‘؟

اس پر کنگنا سے سوال کیا گیا کہ کرن جوہر اپنے شو ’کافی ود کرن‘ میں ستاروں کو کیا پیش کرتے ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: 'اگر بولی وڈ اتنا ہی بُرا ہے تو چھوڑ دیں'

اس پر اداکارہ نے کہا کہ ’زہر پلاتا ہے مجھ سے پوچھو‘۔

اس شو پر کنگنا اور کرن جوہر کے علاوہ ہدایت کار روہت شیٹی بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال نشر ہونے والے شو کافی ود کرن کے دوران ایک موقع پر کرن جوہر نے جب کنگنا سے سوال کیا کہ وہ اپنی سوانح حیات کو کیا نام دیں گی، تو اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'اگر میں کبھی اپنی سوانح حیات لکھوں، تو اس میں ایک پورا مضمون شامل کروں گی، جس کا نام ہوگا کرن جوہر کی اقرباء پروری'۔

جس کے بعد ایک تقریب میں 'کافی ود کرن' کی مذکورہ قسط کے حوالے سے کرن جوہر نے کنگنا رناوٹ کو بولی وڈ چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'میں تھک چکا ہوں کنگنا کے ہر وقت عورت ہونے کی حیثیت سے خود کو مظلوم ثابت کرنے کے قصے سن سن کر، آپ ہر وقت خود کو مظلوم ثابت نہیں کرسکتے، ہر وقت ایک دکھی کہانی نہیں سنا سکتے، اگر بولی وڈ اتنا ہی بُرا ہے تو اسے چھوڑ دیں'۔

تاہم بعدازاں کرن جوہر نے این ڈی ٹی وی کو دیے ایک انٹرویو میں اقرباء پروری اور کنگنا پر دوبارہ بات نہ کرنے کا عہد کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں