بولی وڈ مسٹرپرفیکشنسٹ کی آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک چین میں کامیاب انٹری کے بعد بولی وڈ سلطان سلمان خان بھی وہاں انٹری دینے کے لیے تیار ہیں۔

سلو بھائی کی فلمیں نہ صرف ہندوستان و پاکستان بلکہ ایشیا کے متعدد ممالک سمیت روس، برطانیہ، خلیجی ممالک و امریکا میں بھی شوق سے دیکھی جاتی ہیں، اب ان کی بلاک بسٹر فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کو پہلی بار چین میں ریلیز کیا جائے گا۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ سلمان خان کی کوئی بھی فلم چین میں ریلیز ہوگی۔

بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئیٹ کی کہ ’بجرنگی بھائی جان‘ کو رواں برس 2 مارچ کو چین کی 8 ہزار سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بجرنگی بھائی جان دیکھنے کی 5 وجوہات

انہوں نے سلمان خان کی فلم کا چینی پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس فلم کو ایروز انٹرنیشنل مقامی پروڈکشن ہاؤس ای اسٹار کے اشتراک سے ریلیز کرے گا۔

خیال رہے کہ سلمان خان کی اس فلم کو 2015 میں ریلیز کیا گیا تھا، فلم نے دنیا بھر سے 600 کروڑ سے زائد کی رقم بٹوری تھی۔

فلم کی کہانی بولنے کی صلاحیت سے محروم ایک چھوٹی پاکستانی بچی کے گرد گھومتی ہے، جو بھارت میں اپنی والدہ کے ساتھ جانے کے بعد گم ہوجاتی ہے۔

بعد ازاں سلمان خان اس بچی کو بھارت سے غیر قانونی طور پر پاکستان لے کر پہنچتے ہیں، اس دوران وہ کئی مشکلات میں بھی پھنستے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’بجرنگی بھائی جان‘ کی اداکارہ کو 2 سال قید کی سزا

فلم میں 2 پڑوسی ممالک کی سرحدوں کی دونوں جانب رہنے والے لوگوں کے مسائل کو جذبات سے بھری کہانی سے اجاگر کیا گیا ہے۔

اگرچہ 2017 میں سمان خان کی چین-بھارت سرحدی تنازع اور جنگ پر مبنی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ بھی ریلیز ہوئی تھی، جس میں پہلی بار ان کے ساتھ ایک چینی اداکارہ نے کام کیا، مگر اس فلم کو چین میں پہلی فلم کے طور پر منتخب نہیں کیا گیا۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق سلمان خان نے چین میں انٹری کے لیے اپنی انتہائی جذباتی فلم کا انتخاب کیا ہے، جس سے یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ چین میں بھی کامیاب جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی چین میں عامر خان کی فلم سیکریٹ سپر اسٹار نے ان کی ہی بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ کا ریکارڈ توڑا تھا۔

عامر خان کی ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ چین میں ابتدائی 2 دن میں 100 کروڑ روپے سے زائد کمانے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں