لاہور قلندرز کے کپتان برینڈ میک کولم نے اپنے پورے کیریئر کے دوران بے خوف ہو کر کرکٹ کھیلی کیونکہ اسی طرز کی کرکٹ کھیلنا ان کا طرہ امتیاز ہے اور نیوزی لینڈ کے سابق کپتان پاکستان سپر لیگ 2018 میں بھی اس انداز کی کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار نظر آتے ہیں۔

22 فروری کو شروع ہونے والے ایونٹ کے آغاز سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان برینڈ میک کولم نے کہا کہ ہم اس سال بے خوف ہو کر کرکٹ کھیلیں گے اور توقع کرتے ہیں کہ ہم ایسی کرکٹ کھیلیں گے کہ ہمارے شائقین ہم پر فخر کر سکیں۔ ہم اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

ایونٹ کے ابتدائی دونوں ایڈیشنز میں لاہور قلندرز کی کارکردگی واجبی رہی اور دونوں ایونٹس میں وہ پوائنٹس ٹیبل پر آخری ٹیم رہے۔

گزشتہ دونوں ایڈیشنز میں ٹیم کے منفی ریکارڈ کے باوجود برینڈن میک کولم اس سال عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے پراعتماد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ہم نے چند بہت اچھے کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے، گزشتہ دو سال ہمارے لیے مایوس کن رہے لیکن اس سال لاہور کے باسیوں اور پوری دنیا سے لاہور قلندرز کو سپورٹ کرنے والوں کیلئے توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہیں گے۔

میک کولم نے فخر زمان کو نائب کپتان کی ذمے داری سونپنے پر بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں میں اپنے نائب فخر پر مکمل بھروسہ کرتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ ایک لیڈر کی حیثیت سے وہ بھی عمدہ کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں