برطانوی شہزادے ہیری اور اداکارہ میگھن مارکل کی شادی یقینا دنیا کی معروف ترین شادیوں میں سے ایک ہے، جو رواں برس ہونی ہے۔

اگرچہ اس شادی کے حوالے سے گزشتہ 6 ماہ سے رفتہ رفتہ تفصیلات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، تاہم تاحال اس حوالے سے مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

لیکن کم سے کم اب شاہی خاندان نے شادی میں مدعو کیے گئے مہمانوں کی تعداد کی تصدیق و تفصیلات جاری کردی۔

حیران کن طور پر شاہی شادی کے لیے صرف 2 ہزار 640 افراد کو مدعو کیا گیا ہے، جس میں سے 1200 عام برطانوی شہری ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کینزنگٹن پیلس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی کے لیے جوڑے کے قریبی دوست و احباب اورشاہی خاندان سے منسلک افراد سمیت مجموعی طور پر 2 ہزار 640 افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہیری اور میگھن کی شادی میں کتنے مہمان شریک ہونگے؟

جن مہمانوں کو شادی کے لیے مدعو کیا گیا ہے، اس میں 1200 ایسے برطانوی شہری بھی ہیں، جو سماجی حوالے سے اچھی شہرت رکھنے سمیت قائدانہ صلاحیتیں بھی رکھتے ہیں، ایسے افراد میں نوجوان برطانوی بھی شامل ہیں۔

—فوٹو: اے پی
—فوٹو: اے پی

کینزنگٹن پیلس کے مطابق مہمانوں کو تاریخی چرچ ’سینٹ جارج چپل‘ میں شادی کی رسومات دیکھنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے، جہاں ملکہ ایلزبیتھ کی رہائش گاہ بھی قریب میں ہی واقع ہے۔

شاہی شادی میں مدعو کیے گئے مہمان شاہی جوڑے کو شادی کے موقع پر گھوڑے پر سوار ہوتے ہوئے اور دیگر رسومات ادا کرتے ہوئے بھی دیکھ سکیں گے۔

جن مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے ان میں 200 ایسے افراد بھی شامل ہیں جو مختلف سماجی تنظیمیں چلاتے ہیں اور ان سے جوڑے کے تعلقات بھی ہیں۔

اسی طرح شاہی شادی میں مختلف اسکولوں کے 100 طالب علموں کا کوٹا بھی مختص کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: میگھن مارکل برطانوی شہزادی نہیں بن سکتیں

شاہی شادی کے لیے 640 ایسے افراد کو بھی مدعو کیا گیا ہے، جن کا تعلق کسی نہ کسی طرح شاہی خاندان اور ان کی سلطنت سے رہا ہے، ایسے افراد میں شاہی خاندان کے اہل خانہ بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پہلے یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ شاہی شادی میں صرف 800 مہمانوں کو ہی مدعو کیا جائے گا، کیوں کہ جس چرچ میں شادی ہوگی، اس میں اتنے افراد کی ہی گنجائش ہے۔

یہ بھی چہ مگوئیاں تھیں کہ دلہن میگھن مارکل کو صرف اپنے 10 پسندیدہ مہمانوں کو مدعو کرنے کی اجازت ہوگی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مدعو کیے گئے مہمانوں میں امریکی صدر اور ان کاخاندان شامل ہے یا نہیں۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی 19 مئی کو ہوگی، ان کی منگنی کا اعلان نومبر 2017 میں ہوا، جس کے ایک ماہ بعد ان کی شادی کا باقاعدہ اعلان بھی کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں