شہزادہ ہیری اورمیگھن مارکل کی شادی مئی 2018 میں ہوگی

16 دسمبر 2017
دونوں 19 مئی 2018 کو رشتہ ازدواج سے منسلک ہوجائیں گے—فوٹو: ٹوئٹر
دونوں 19 مئی 2018 کو رشتہ ازدواج سے منسلک ہوجائیں گے—فوٹو: ٹوئٹر

برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری کی امریکی اداکارہ سے شادی کا اعلان ویسے تو گزشتہ ماہ ہی کردیا گیا تھا، تاہم اب شادی کی تاریخ کا اعلان بھی کردیا گیا۔

شاہی خاندان نے پہلے ہی بتادیا تھا کہ میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کی شادی 2018 کے ابتدائی مہینوں میں ہی ہوگی۔

اور اب ان کی شادی کی حتمی تاریخ اور دن کا اعلان کردیا گیا۔

شاہی خاندان کے کینزنگٹن پیلس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے گزشتہ شب شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی کا اعلان کردیا گیا۔

کینزنگٹن پیلس کی ٹوئیٹ میں جوڑے کی خوشگوار موڈ میں تصویر دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دونوں 19 مئی 2018 بروز ہفتہ کے دن ہمیشہ کے لیے ایک ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شہزادے کی امریکی اداکارہ سے شادی کا اعلان

ٹوئیٹ میں مزید بتایا گیا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی تاریخی چرچ ’سینٹ جارج چیپل‘ میں ہوگی جو ونڈسر قلعہ میں واقع ہے۔

یہ چرچ 14 ویں صدی میں تعمیر کیا گیا تھا۔

جوڑے کی شادی کے اعلان کے بعد کئی عالمی شخصیات نے انہیں مبارکباد دی، اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی کے اعلان کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ سمیت دیگر عالمی شخصیات نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے جوڑے کو سب سے خوشنصیب جوڑا قرار دیا۔

مزید پڑھیں: میگھن مارکل برطانوی شہزادی نہیں بن سکتیں

خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی منگنی گزشتہ ماہ 27 نومبر کو ہوئی تھی، اسی دن شاہی خاندان کی جانب سے ان کی شادی کا اعلان بھی کیا گیا تھا، تاہم اس وقت تاریخ نہیں بتائی گئی تھی۔

33 سالہ شہزادہ ہیری لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے ہیں، اور36 سالہ میگھن مارکل سے ان کی محبت کی خبریں گزشتہ 2 سال سے میڈیا کی زینت بنتی آرہی ہیں۔

شہزادہ ہیری 36 سالہ اداکارہ میگھن مارکل سے متعلق میڈیا کی جانب سے غلط اور نازیبا خبریں شائع کرنے پر برہمی کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں