ہیری اور میگھن کی شادی میں کتنے مہمان شریک ہونگے؟

12 فروری 2018
شاہی شادی کی تقریبات 19 مئی کی سہ پہر کو شروع ہوں گی—فوٹو: اے پی
شاہی شادی کی تقریبات 19 مئی کی سہ پہر کو شروع ہوں گی—فوٹو: اے پی

برطانوی شاہی خاندان نے شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی رواں برس ہونے والی شادی سے متعلق مزید تفصیلات جاری کردیں۔

جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق اگرچہ ان کی شادی میں بھی سیکڑوں مہمان شریک ہوں گے، تاہم ان کی شادی میں ماضی میں ہونے والی شاہی شادیوں کے مقابلے انتہائی کم مہمان شریک ہوں گے۔

خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی کا اعلان رواں برس 19 مئی کو پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔

ان کی شادی تاریخی چرچ ’سینٹ جارج چیپل‘ میں ہوگی جو ونڈسر قلعہ میں واقع ہے،جو14 ویں صدی میں تعمیر کیا گیا تھا۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی منگنی گزشتہ برس 27 نومبر کو ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شہزادے کی امریکی اداکارہ سے شادی کا اعلان

تاہم اب ان کی شادی سے متعلق مزید تفصیلات بھی جاری کردیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس(اے پی) کے مطابق شہزادے ہیری اور میگھن مارکل کی شادی جس چرچ میں ہوگی، وہ صرف 800 افراد کی مہمان نوازی کرسکتا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اگرچہ شاہی خاندان کی جانب سے مہمانوں کی حتمی تعداد کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ اس شادی میں شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا سمیت شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی کے مقابلے انتہائی کم مہمان شریک ہوں گے۔

خیال رہے کہ 1981 میں ہونے والی شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کی شادی میں 3 ہزار 500 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی تھی، جب کہ 2011 میں شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی میں 1900 مہمانوں نے شرکت کی تھی۔

شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی میں دنیا کے 200 ممالک کے 450 مہمانوں سمیت کامن ویلتھ ممالک کے خصوصی مہمانوں، برطانوی سیاستدانوں، اداکاروں، شوبز و فیشن شخصیات و کھلاڑیوں کے لیے بھی خصوصی نشستیں رکھی گئی تھیں۔

مزید پڑھیں: شہزادہ ہیری اورمیگھن مارکل کی شادی مئی 2018 میں ہوگی

تاہم اب شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی میں یہ انتظامات انتہائی محدود پیمانے پر کیے جانے کا امکان ہے۔

اگرچہ اس بار شاہی شادی میں کھلاڑیوں، اداکاروں، فیشن و میڈیا کے افراد سمیت سیاستدانوں اور کاروباری افراد کو بھی مدعو کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس بار شاہی شادی میں مہمانوں کی تعداد 800 تک رہنے کا امکان ہے۔

شہزادہ ہیری کی شادی میں برطانوی وزیر اعظم تھریسامےاور برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن سمیت دیگر اہم سیاستدانوں کو مدعو کیے جانے کا امکان ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق امریکی صدر براک اوباما کو بھی مدعو کیے جانے یا نہ کیے جانے کے حوالے سے لوگوں میں چہ مگوئیاں تیز ہوچکی ہیں۔

تاہم شاہی خاندان کی شادی کے انتظامات سنبھالنے والی ایجنسی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متنازع بیانات دیے جانے اور سیاسی حالات کے پیش نظر انہیں شادی میں مدعو کرنے کے حوالے سے اپنا ذہن تبدیل کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میگھن مارکل برطانوی شہزادی کیوں نہیں بن سکتیں؟

علاوہ ازیں یہ چہ مگوئیاں بھی ہیں کہ میگھن مارکل کو صرف 10 مہمانوں کو مدعو کیے جانے کی اجازت دی جائے گی۔

خیال رہے کہ 33 سالہ شہزادہ ہیری لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے ہیں، جن کی امریکی اداکارہ 36 سالہ میگھن مارکل سے محبت کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی آرہی تھیں۔

دونوں کے درمیان 2 سال سے معاشقے کی خبریں سامنےآتی رہیں، جب کہ دونوں کو متعدد بار ایک ساتھ بھی دیکھا گیا، دونوں کی منگنی کا اعلان نومبر 2017 میں ہوا، جس کے ایک ماہ بعد ان کی شادی کا باقاعدہ اعلان بھی کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں