دبئی: جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں دوبارہ عالمی نمبر ایک باؤلر بن گئے ہیں جبکہ بلے بازوں میں اسٹیون اسمتھ بدستور سرفہرست ہیں۔

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام کے بعد منگل کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں آسٹریلین قائد اسمتھ کا ٹاپ پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے جبکہ ویرات کوہلی دوسرے، جو روٹ تیسرے، کین ولیمسن چوتھے، ڈیوڈ وارنر پانچویں اور چتیشور پجارا چھٹے نمبر پر برقرار ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں سنچری بنانے کے بعد اے بی ڈی ویلیئرز 5 درجے ترقی پا کر 12ویں سے 7ویں نمبر پر آ گئے اور اس کے نتیجے میں اظہر علی آٹھویں پوزیشن پر ایک درجہ تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر چلے گئے۔

ہاشم آملا بھی ایک درجہ ترقی پا کر نویں نمبر پر آ گئے جبکہ ترقی کی صورت میں ڈین ایلگر بھی 13ویں نمبر پر آ گئے تاہم روس ٹیلر تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے جبکہ عثمان خواجہ 5 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے اور انہوں نے 16ویں پوزیشن سنبھال لی۔

جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی تنزلی کے بعد 17ویں اور شان مارش 4 درجے تنزلی کے بعد 20ویں نمبر پر چلے گئے، ایڈن مرکرم 3 درجے نیچے جا کر صف اول کے 20 کھلاڑیوں کی فہرست سے باہر ہو گئے، وہ 19ویں سے 21ویں نمبر پر چلے گئے۔

باؤلرز میں آئی سی سی کی جانب سے دو میچوں کی پابندی کا شکار ربادا دوبارہ دنیا کے نمبر ایک باؤلر بن گئے جنہوں نے کینگروز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 11 وکٹیں لے کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

رینکنگ میں آسٹریلین باؤلرز کی تنزلی ہوئی ہے جہاں جوش ہیزل وُڈ 2 درجے گر کر چوتھے سے چھٹے اور مچل اسٹارک 4 درجے تنزلی کے بعد پانچویں سے نویں نمبر پر چلے گئے اور نیتھن لایون نے دسویں پوزیشن سنبھال لی۔

جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر ایک درجہ گر کر 8ویں نمبر پر آ گئے ، کیشپ مہاراج 19ویں نمبر پر موجود ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں