نئی دہلی: بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو اپنی آنے والی نسلوں کو مستقبل کے لیے امید اور مواقع دینا ہوں گے۔

پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ 1947 سے آزادی کے بعد پاکستان اور بھارت نے آزاد قوم کی حیثیت سے 70 سال مکمل کرلیے لیکن آزادی کے وقت ہمارے آباؤ اجداد نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ روابط کا سوچا تھا، تاہم دونوں ممالک میں تعلقات اس سے مخلتف رہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: یوم پاکستان کی تقریب میں بھارتی سفارتکاروں کی شرکت

سہیل محمود نے کہا کہ مواقع اور وقت ضائع کرنے کے نتائج اچھے ثابت نہیں ہوئے اور ہمیں مستقبل کو ماضی سے مختلف بنانا ضروری ہے اور ہم نے اپنی آئندہ نسلوں سے یہ وعدہ کیا ہے کہ ہم انہیں مستقبل کے لیے امید اور مواقع فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم مساوی سیکیورٹی اور امن کے مقاصد کے حصول میں پیش رفت کرتے ہوئے برابری کی بنیاد پر بامقصد کاموں میں ایک دوسرے کو کوششوں ثابت کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا تصور تھا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط، جدید، اعتدال پسند، جمہوری اور اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے اور کامیاب نسل نے اس مقصد کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔


انہوں نے کہا کہ قائد کے تصور کو پورا کرنے کا یہ سفر جاری ہے اور ہم نے جمہوریت کے فروغ، معیشت کی مضبوطی، آزاد ذرائع ابلاغ کی تعمیر اور متحرک سول سوسائٹی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ہم نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی بے پناہ کام کیا ہے، جس کا نتیجہ آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد کی کامیابی ہے۔


یہ خبر 24 مارچ 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں