آسٹریلیا کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک فٹنس مسائل کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ اور آئندہ ماہ شیڈول انڈین پریمیئر لیگ کے 11ویں ایڈیشن سے باہر ہو گئے۔

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد سے آسٹریلین ٹیم کی پریشانیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں اور ہر گزرتا دن ان کے لیے ان نئی بری خبر کا سامنا پیدا کر دیتا ہے۔

اس اسکینڈل کے بعد اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ پر پابندی لگی جبکہ ڈیرن لی مین نے بطور کوچ مستعفی ہونے کا اعلان کیا جس کے بعد اسٹارک کی انجری کینگروز کے لیے بھیانک خواب سے کم نہیں۔

آسٹریلین ٹیم مینجمنٹ کے مطابق فاسٹ باؤلر اسٹارک کی دائیں ٹانگ میں اسڑیس فریکچر ہے اور فزیو تھراپسٹ نے طبی معائنے کے بعد انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انجری کی وجہ سے اسٹارک پروٹیز کے خلاف چوتھے ٹیسٹ اور انڈین پریمیئر لیگ سے بھی باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ چیڈ سیئرز کو ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کا موقع مل گیا۔

اسٹارک کی انجری کولکتہ نائٹ رائیڈرز کیلئے بھی باعث تشویش ہے جسے انجری کا شکار کرس لن اور آندرے رسل کی بھی فٹنس کا انتظار ہے۔

اسٹارک رواں سال آئی پی ایل سے باہر ہونے والے تیسرے آسٹریلین کھلاڑی ہیں کیونکہ ان سے قبل اسمتھ اور وارنر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے عائد پابندی کی وجہ سے ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں