سلمان خان کے 9 اپریل تک جیل میں رہنے کا امکان

06 اپريل 2018
سلمان خان 52 سال کی زندگی میں 18 تک جیل میں رہے ہیں—فوٹو: اے ایف پی
سلمان خان 52 سال کی زندگی میں 18 تک جیل میں رہے ہیں—فوٹو: اے ایف پی

بولی وڈ دبنگ ہیرو 52 سالہ سلمان خان کو گزشتہ روز جودھپور کی مقامی عدالت نے نایاب نسل کے سیاہ ہرن کے شکار کیس میں 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

سلمان خان نے عدالتی فیصلے کے خلاف جودھپور کی سیشن کورٹ میں ضمانت کی درخواست دی تھی، جس پر آج مختصر سماعت ہوئی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج رویندرا جوشی نے سلمان خان کی درخواست ضمانت کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے اس کی سماعت 7 اپریل کی صبح کو مقرر کردی۔

اداکار کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں جودھپور کی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نایاب ہرن کا شکار: سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا

سلمان خان نے کوڈ آف کرمنل پروسیجر (سی آر پی سی) کے سیکشن 389 کے تحت درخواست دائر کی ہے۔

عدالتی احکامات کے بعد سلمان خان کی قانونی ٹیم کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی ایک کاپی پبلک پراسیکیوٹر کو بھی فراہم کردی گئی۔

سلمان خان کے وکیل مہیش بورا کے مطابق انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ جودھپور کی مقامی ٹرائل کورٹ نے کئی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے اداکار کے خلاف فیصلہ دیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سلمان خان نے تمام عدالتی احکامات کو تسلیم کیا ہے، اس لیے انہیں ضمانت ملنے کا پورا امکان ہے۔

اب سلمان خان کی درخواست پر سیشن کورٹ کل سماعت کرے گی، اگر ڈسٹرکٹ کورٹ نے ان کی درخواست پر کل فیصلہ نہ دیا تو دبنگ ہیرو 9 اپریل یعنی پیر تک جیل میں رہیں گے۔

اگر سیشن کورٹ 9 اپریل کو بھی سلمان خان کی درخواست مسترد کردیتی ہے تو ان کے پاس ہائی کورٹ میں اپیل کرنے کا حق ہے۔

مزید پڑھیں: نایاب ہرن کے شکار کیس میں کب کیا ہوا؟

خیال رہے کہ سلمان خان کو جودھپور کے سینٹرل جیل کے بیرک نمبر 2 میں رکھا گیا ہے۔

سلمان خان اپنی زندگی میں چوتھی بار جیل گئے ہیں، فلموں میں کئی بار جیل کی ہوا کھانے والے ہیرو مجموعی طور پر آج تک 18 دن تک جیل میں رہ چکے ہیں۔

اسی جیل کی بیرک نمبرایک میں خود ساختہ ہندو مذہبی پیشوا آسا رام بپو بھی قید ہے۔

آسا رام بپو 2013 سے اسی جیل میں قید ہے، ان پر16 سالہ لڑکی کے ساتھ ’ریپ’ کا الزام ثابت ہوا تھا، جس کے بعد انہیں جیل قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کو جیل جانے سے کتنا نقصان ہوگا؟

اس کے علاوہ جودھپور جیل میں گزشتہ برس ستمبر میں 45 سالہ مسلمان مزدور کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو جلانے والا مجرم شنبولال بھی قید ہے۔

شنبو لال نے محمد افرازل کو کلہاڑیوں کے وار کرکے قتل کرنے کے بعد ان کی لاش کو آگ لگادی تھی، جب کہ اس واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کرکے اسے واٹس ایپ کے ذریعے وائرل کیا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے شنبو لال کو گرفتار کرکے جودھپور سینٹرل جیل منتقل کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں