کامن ویلتھ گیمز: پاکستان کے نوح دستگیر نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2018
20 سالہ پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے بھارتی حریف کو میڈل سے محروم کردیا۔
20 سالہ پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے بھارتی حریف کو میڈل سے محروم کردیا۔

پاکستان کے نوح دستگیربٹ نے کامن ویلتھ گیمز 2018 میں ویٹ لفٹنگ کے مقابلے میں کُل 395 کلو گرام وزن اٹھا کر پاکستان کو دوسرا کانسی کا تمغہ جتا دیا۔

آسٹریلیا کے شہر کوئنز لینڈ میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں 105 کلو گرام کے ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 20سالہ ویٹ لفٹر نے اسنیچ کیٹیگری میں 173 کلو گرام وزن اٹھایا۔

انہوں نے 'کلین اینڈ جرک' کیٹیگری میں 222کلو گرام وزن اٹھا کر مجموعی طور پر 395 کلو گرام وزن اٹھا کر مقابلے میں تیسری پوزیشن اپنے نام کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس مقابلے میں نیوزی لینڈ کے ڈیوڈ لیٹی نے سونے کا تمغہ جیتا جبکہ ساموا کے لاؤ ٹی ٹی لوئی نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

پاکستان کے نوح دستگیر نے مقابلے میں بھارت کے مندیب سنگھ کو شکست دی جنہوں نے کُل 382 کلو گرام وزن اٹھایا اور چوتھے نمبر پر رہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان کے طلحہ طالب نے 62کلو گرام کے ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیت کر کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کو پہلا میڈل دلایا تھا اور ساتھ ساتھ اسنیچ کیٹیگری میں ریکارڈ بھی بنایا تھا۔

کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلیا 33 گولڈ میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے جہاں اس نے 28 چاندی اور اتنے ہی کانسی کے تمغے حاصل کیے ہیں۔

اس فہرست میں انگلینڈ 20 گولڈ، 21 سلور اور 14 برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت 8 گولڈ، 4 سلور اور 5 برانز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں