سابق وزیر اعظم نواز شریف لندن میں زیر علاج اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کے لیے صاحبزادی مریم نواز کے ساتھ لندن روانہ ہوگئے۔

احتساب عدالت میں سماعتوں کا سامنا کرنے والے باپ اور بیٹی صبح 9.30 بجے غیر ملکی پرواز قطر ایئرویز کے ذریعے لندن روانہ ہوئے، ان کی واپسی 22 اپریل کو متوقع ہے۔

روانہ ہونے سے قبل مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں احتساب عدالت کی جانب سے استثنیٰ نہ دیئے جانے کی صورت میں اگلی سماعت سے قبل واپس آنے کا عندیہ دیا۔

ایک اور ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’میری والدہ کو دوبارہ ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے، انہیں اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیے گا، مجھے معلوم ہے کہ دعائیں کرشمے کرتی ہیں اور اللہ دعاؤں کا جواب دیتا ہے، شکریہ‘

واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز کی اس سے قبل بھی گلے کے کینسر کی سرجری ہوچکی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں گیا تھا کہ ان کی سرجری کامیاب ہوئی ہے تاہم بعد ازاں ان کی حالت دوبارہ خراب ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں دوبارہ ہسپتال میں داخل کردیا گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے قومی احتساب ادارے (نیب) نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ نیب کی جانب سے بار بار درخواست بھیجے جانے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی حکومت شریف خاندان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نہیں ڈال رہی ہے۔

خیال رہے کہ شریف خاندان کے تمام افراد کے خلاف احتساب عدالت میں پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کے احکامات پر درج ریفرنسز کا ٹرائل چل رہا ہے۔

نواز شریف کے دونوں صاحبزادے پہلے ہی سے لندن میں موجود ہیں اور انہیں کرپشن کے ریفرنسز میں احتساب عدالت کی جانب سے اشتہاری ملزم قرار دیا جاچکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں