سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ کلثوم نواز کی حالت بگڑجانے کے باعث انہیں دوبارہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کی طبعیت گزشتہ رات دوبارہ خراب ہوئی، جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کلثوم نواز کا طبی معائنہ کیا۔

مریم نواز نے اپنی ٹوئیٹ میں عوام سے کلثوم نواز کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ان کی صحت کی بحالی کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں۔

مزید پڑھیں: کلثوم نواز تیسری سرجری کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج

خیال رہے کہ 23 ستمبر کو نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو تیسری سرجری کے بعد لندن کے ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔

یہ اعلان نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کیا تھا۔

سابق خاتون اول کلثوم نواز تیسری سرجری کے بعد دو روز تک ہسپتال میں رہیں تھیں اور اس عرصے میں ایک دن انہیں شعبہ انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) میں بھی رکھا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: این اے-120: کلثوم نواز کی یاسمین راشد کو شکست، غیرحتمی نتیجہ

تیسری سرجری کے لیے انہیں رواں ہفتے بدھ (20 ستمبر) کو ہسپتال لایا گیا تھا جس کی ویڈیو ٹوئیٹ کرتے ہوئے مریم نواز نے لوگوں سے دعا کی درخواست کی تھی۔

واضح رہے کہ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز نے حال ہی میں این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے، وہ اِن دنوں کینسر کے علاج کے لیے برطانیہ میں موجود ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں