اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انتخابات کے لیے ووٹرز کی حمتی فہرست تیار کرلی تاہم ووٹرز کے مزید اندراج، معلومات میں تصیح یا منتقلی کی آخری تاریخ بروز منگل (آج) ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ای سی پی کی تیار کردہ ابتدائی انتخابی فہرستیں 10 کروڑ 40 لاکھ ووٹرز پر مشتمل ہیں جسے ملک بھر کے 14 ہزار مراکز میں 26 مارچ سے عوام کے لیے آویزاں کردی گئی تھی۔

یہ پڑھیں: الیکشن کمیشن نے انتخابی اصلاحات کمیٹی اجلاس کا بائیکاٹ ختم کردیا

ای سی پی نے واضح کیا تھا کہ ووٹرز اپنا اور اپنے اہل خانہ کی درج معلومات اور تفصیلات کا جائزہ لے کر کسی قسم کی تبدیلی، تصیح یا منتقلی کی صورت میں نشاندہی کریں۔

اس ضمن میں ڈان کو بتایا گیا کہ ای سی پی کی ویب سائٹ سے تمام متعلقہ فارم ڈاؤن لوڈ یا ڈسپلے سینٹرز اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے دفترسے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

ای سی پی کے مطابق ووٹ کی رجسٹریشن اور منتقلی کے لیے فارم نمبر 15، ووٹر کی تفصیلات میں اعتراضات یا معلومات حذف کرنے کے لیے فارم نمبر 16 اور درج کوائف میں تصیح کے لیے فارم نمبر 17 پر کر کے جمع کرایا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’مریم نواز 2018 کے عام انتخابات میں حصہ لیں گی‘

اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ ‘متعلقہ فارم کے ساتھ شناختی کارڈ کی نقل جمع کرانا ضروری ہے’۔

ای سی پی کے مطابق ووٹ اور انتخابی حلقے سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے شناختی کارڈ نمبر کو 8300 پر ایس ایم ایس کریں۔

ابتدائی انتخابی فہرست کے مطابق کل ووٹر کی تعداد 10 کروڑ 42 لاکھ 67 ہزار 582 ہے جس میں پنجاب سے 5 کروڑ 97 لاکھ 40 ہزار 95، سندھ سے 2 کروڑ 20 لاکھ 66 ہزار 558، خیبرپختونخوا سے 15 لاکھ 75 ہزار 616، بلوچستان سے 41 لاکھ 94 ہزار 311، وفاق کے زیر انتظام علاقے (فاٹا) سے 24 لاکھ 60 ہزار 804 اور اسلام آباد سے 7 لاکھ 30 ہزار 197 ووٹرز شامل کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف 2013 کے عام انتخابات میں تیار نہیں تھی، عمران خان

ای سی پی کے مطابق نئی انتخابی فہرست میں 80 لاکھ نئے ووٹرز شامل ہیں تاہم اعداد وشمار کی رو سے 21 فیصد ووٹرز گزشتہ انتخابات 2013 کے مقابلے میں زیادہ ریکارڈ کیے گئے۔

اس بارے میں بتایا گیا کہ انتخابی فہرست 2013 میں شامل 8 لاکھ ووٹرز کو نئی انتخابی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔


یہ خبر 24 اپریل 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں