’عمران خان اصولوں کی بات کرتے ہیں لیکن اوپر سے آرڈر لیتے ہیں‘

اپ ڈیٹ 30 اپريل 2018
نواز شریف اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے خطاب کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
نواز شریف اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے خطاب کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین جھوٹ بولنے کے عادی ہیں جبکہ نیا پاکستان جھوٹ بولنے سے نہیں سچ بولنے سے بنتا ہے۔

اسلام آباد میں رہنماؤں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بڑی کامیابی کے ساتھ اپنا سفر مکمل کیا ہے اور 2017 کا پاکستان 2013 سے بہت مختلف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی پر ہاتھ ڈالنا کوئی آسان کام نہیں تھا، اور ساتھ ہی سوال اٹھایا کہ ’آصف علی زرداری یا پرویز مشرف نے دہشت گردوں پر کیوں ہاتھ نہیں ڈالا تھا؟‘

مزید پڑھیں: نواز شریف کے سیاسی عروج و زوال کی تصویری کہانی

انہوں نے سندھ حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو 10سال ہوگئے ہیں، دہشت گردی کے خلاف اقدامات کیوں نہیں کیے گئے۔

انہوں نے اپنی مخالف جماعت پی ٹی آئی کے بارے میں دعویٰ کیا کہ یہ بڑے اصولوں کی بات کرتے ہیں لیکن اوپر سے آرڈر لیتے ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کو دھوکا دیا جارہا ہے، نیا پاکستان حق اور سچ بولنے سے بنتا ہے، گالیوں سے نہیں بنتا۔

یہ بھی پڑھیں: سکہ شاہی کےخلاف عَلم بغاوت بلند کرنا ضروری ہے، نواز شریف

ان کا کہنا تھا کہ سندھ والوں نے اپنے صوبے میں کیا کیا، کراچی کچرے اور کوڑے کا ڈھیر بن چکا ہے اور سندھ میں ابھی بھی بچے بھوک سے مرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب وہ وقت نہیں جب پرویز مشرف آئے تھے، اب حالات بدل چکے ہیں۔

انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مل کر عہد کرنا ہے کہ کسی بھی ہتھکنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے خلاف رائے ونڈ کی سڑک چوڑی کرنے کا مقدمہ تیار کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: ’نواز شریف اب اپنی غلطیاں مان رہے ہیں لیکن ان پر اعتبار نہیں‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر کلنٹن نے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے لیے 5 ارب ڈالر دینے کی پیشکش کی تھی جو انہوں نے مسترد کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ خود غرض یا لالچی ہوتے تو پیسے لے لیتے اور دھماکے نہ کرتے، وہ کسی سے مدد یا خیرات نہیں لے سکتے تھے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کے سامنے نہ پہلے جُھکا ہوں نہ اب جھکوں گا، پاکستان کی 70 سالہ تاریخ کو بدلنے کا وقت آ گیا ہے اور آنے والے 70 سال ماضی کے 70 برسوں کی طرح نہیں ہونے چاہیں۔

انہوں نے انتخابی مہم کے حوالے سے بتایا کہ وہ ماہ رمضان میں بھی عوامی رابطہ مہم جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ گھر گھر پہنچ چکا ہے اس کو عملی جامہ پہنانے کا وقت آگیا ہے، ماہ رمضان کے بعد انتخابی مہم بھر پور طریقے سے شروع کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں