پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اقتدار میں آکر کراچی کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کا عزم ظاہر کرتےہوئے شہر کی ترقی کے لیے اپنے 10 نکات پیش کردیے۔

کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے اور جب کراچی اوپرجائے گا تو پاکستان اوپر جائے گا اور ہم مل کر اس ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی وہ شہرتھا جہاں لوگ چھٹیاں گزارنے آتے تھے، ماضی میں کراچی ایک محفوظ ترین شہر تھا لیکن نفرت کی سیاست نے کراچی کو تباہ کر دیا۔

عمران خان نے کہا کہ میں کراچی کی ترقی کے لیے آج اپنے 10 نکات دے رہا ہوں اور یہ 10 نکات کراچی کو عظیم شہر بنا دیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کراچی کے لیے سب پہلا نکتہ انتظامی نظام رکھا اور کہا کہ کراچی کاپہلا مسئلہ پانی کا ہے اور ایک طاقتور مئیر پانی کا مسئلہ حل کروا سکتا ہے جس کے لیے شہروں کے میئرز کا براہ راست انتخاب کروائیں گے اور کراچی کا انتظامی نظام بدل دیں گے۔

دوسرا نکتہ بیان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کو بحال کروائیں گے اور سرکاری اسکولوں کے نظام کو بہتر بنائیں گے جبکہ کراچی میں عالمی سطح کی یونیورسٹیاں قائم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا تیسرا مسئلہ سرکاری ہسپتالوں کا ہے کہ اور ہمارا تیسرا اہم نکتہ یہ ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کو ماڈل ہسپتال بنائیں گے اور سرکاری ہسپتالوں کا نظام بہتر کیا جائے گا۔

عمران خان نے اپنے چوتھا نکتہ کراچی میں پولیس کے نظام سے متعلق ہے، پولیس کوغیرسیاسی کریں گے، بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی والوں کو رینجرز کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ پولیس سے کام کروائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنا پانچواں نکتہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ممالک سے کراچی میں کاروبارلائیں گے، دبئی، ملائشیا سمیت دیگرممالک سے سرمایہ کاری کروائیں گے۔

چھٹا نکتہ پیش کرتے ہوئے انھوں ںے کہا کہ بجلی کی چوری ختم کریں گے اور سستی بجلی فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ میراساتواں نکتہ نوجوانوں سے متعلق ہے، کراچی میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کریں گے اور نوجوانوں کے لیےکھیل کھود سے متعلق سہولیات فراہم کریں گے۔

انھوں نے اپنے آٹھویں نکتے میں کہا کہ کراچی میں شجرکاری مہم چلائیں گے، ماحول کی بہتری کے لیے خیبرپختونخوا میں بہت کام کیا ہے اور درخت نہ لگائے گئے تو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان کے لیے نقصان دہ ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ سیوریج کا پانی سمندرمیں نہیں گرنے دیں گے، ری سائیکل کرکے قابل استعمال بنائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک کا مسئلہ سب سے بڑا مسئلہ ہے اس لیے ہمارا نواں نکتہ ہے کہ کراچی میں سرکلر ریلوے کی بحالی میں کردار ادا کریں گے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے اپنے آخری نکتے میں کہا کہ کراچی سے بےروزگاری کو جڑ سے اکھاڑ دیں گے اور نوجوانوں کے لیے کھیل کود سے متعلق سہولیات فراہم کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں