گوگل کی جانب سے بہت جلد کروم میں تالے کے آئیکون اور سیکیور لیبل کو ختم کردیا جائے گا۔

یہ گرین لاک اور سیکیور لیبل بنیادی طور پر کسی ویب سائٹ کو سرفنگ کے لیے محفوظ قرار دینے کی علامات ہیں۔

اس وقت تمام HTTPS ویب سائٹس میں یہ تالا اور لیبل گوگل کروم پر براﺅزنگ کے دوران دیکھا جاسکتا ہے، جو کہ بتاتا ہے کہ یہ ویب پیج انکرپٹڈ اور سائبر اٹیک سے محفوظ ہے۔

مزید پڑھیں : گوگل کروم میں بہترین فیچر آخرکار متعارف

گوگل کا مقصد سو فیصد ویب سائٹس کو ایچ ٹی ٹی پی ایس پروٹوکول میں لانا ہے اور بظاہر وہ اس کے حصول کے بہت قریب ہے۔

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

12 مئی 2018 تک 83 فیصد ویب سائٹس جن پر لوگ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر گوگل کروم کے ذریعے وزٹ کرتے ہیں، ایچ ٹی ٹی پی ایس پیجزہیں۔

گوگل کے مطابق اس وقت زیادہ امکان اسی بات کا ہے کہ گوگل کروم پر آپ جس ویب سائٹ پر جائیں گے وہ غیرمحفوظ ہونے کی بجائے ایچ ٹی ٹی پی ایس پیج ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : گوگل کروم براؤزرکو ابھی اپ ڈیٹ کرلیں

اس خیال کو دیکھتے ہوئے کسی بھی فرد کے لیے تالے یا لیبل کی ضرورت نہیں، جو انہیں بتائے کہ یہ ویب سائٹ ٹھیک ہے اور یہی وجہ ہے کہ گوگل نے سیکیور لیبل کو رواں سال ستمبر میں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے بعد مستقبل قریب میں کسی وقت تالے کے نشان کو بھی ڈسپلے کرنا ختم کردیا جائے گا۔

گوگل کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق چونکہ بہت جلد تمام ایچ ٹی ٹی پی پیجز کو غیرمحفوظ مارک کرنے کا آغاز ہونے والا ہے، اس لیے ہم ایچ ٹی ٹی پی ایس پیجز پر سے مثبت علامات کو ہٹایا جارہا ہے، یعنی جن پر کوئی مارک نہ ہو وہ پیجز زیادہ محفوظ ہیں'۔

تبصرے (0) بند ہیں