پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون ورکر کو کراچی میں صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر میں سیکیورٹی گارڈ کو مبینہ طور پر دھکا دینے اور زبردستی اندر داخل ہونے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق خاتون ورکر پارٹی کی جانب سے نامزد خاتون کے ساتھ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمشنر کے دفتر پہنچیں۔

مزید پڑھیں: سیاسی جماعتوں نے اقلیتوں کی نشست کے لیے امیدواروں کی فہرست جمع کرادی

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کلفٹن، توقیر محمد نعیم کا کہنا تھا کہ اسما رضوی پی ٹی آئی کی امیدوار کے ہمراہ الیکشن کمشنر کے دفتر پہنچی جہاں مہمانوں کے لیے ٹوکن سسٹم کو متعارف کرایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ خاتون ورکر نے اپنی باری کا انتظار کرنے کے بجائے گارڈ کو دھکا دیتے ہوئے زبردستی اندر داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس کی وجہ سے دفتر کے دروازے پر لگا شیشہ بھی ٹوٹ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ذہن سے نکال دیں کہ الیکشن تاخیر کا شکار ہوں گے‘

ایس پی نعیم کا کہنا تھا کہ پریڈی پولیس نے پی ٹی آئی ورکر کو حراست میں لیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر کے ملازم کی شکایت پر ان کے خلاف سیکشن 427، 353 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے خواتین پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

ایس ایس پی جنوب سرفراز نواز شیخ کے مطابق واقعے کے بعد دفتر پر مزید پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں