معروف ڈائناسور فرنچائزسائنس فکشن فلم ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ نے ابتدائی 2 ہفتوں میں دنیا بھر سے اپنی بجٹ سے دگنی کمائی کرکے نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ سیریز کی پانچویں فلم ہے، جسے کچھ ممالک میں 7، متعدد ممالک میں 8، چند ممالک میں 10 اور چین میں 15 جون کو ریلیز کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سیریز کی پہلی فلم ’جراسک پارک‘ کے نام سے 1993 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد اس کی دوسری فلم ’دی لاسٹ ورلڈ: جراسک پارک‘ 1997 میں ریلیز کی گئی۔

پہلی دو فلموں کی شاندار کامیابی کے بعد سیریز کی تیسری فلم ’جراسک پارک تھری‘ کے نام سے سال 2001 میں ریلیز کی گئی، اس سیریز کی چوتھی فلم ’جراسک ورلڈ‘ 2015 میں ریلیز کی گئی۔

اب 3 سال کے وقفے کے بعد اس سیریز کی پانچویں فلم کو ریلیز کیا گیا ہے، جس کو تاحال شمالی امریکا میں ریلیز نہیں کیا گیا، جو ہولی وڈ فلموں کی مقامی باکس آفس کہلاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’جراسک ورلڈ‘ کے بے قابو ڈائنا سورز کی دنیا بھر میں تباہی

’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کو شمالی امریکا میں 22 جون کو ریلیز کیا جائے گا، جہاں امکان ہے کہ یہ فلم ریکارڈ ساز کمائی کرے گی۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ نے چین، برطانیہ، روس، ہانگ کانگ، بھارت، تائیوان اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے 100 کے قریب ممالک سے ریکارڈ کمائی کی ہے۔

نشریاتی ادارے ورائٹی کے مطابق ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ نے مجموعی طور پر دنیا بھر سے 37 کروڑ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 44 ارب روپے سے زائد کی کمائی کی۔

فلم نے ابتدائی 2 دن میں ہی دنیا کے 50 سے زائد ممالک سے 3 کروڑ 93 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 4 ارب روپے سے زائد پیسے بٹورے تھے۔

تباہی پھیلاتے بے قابو ڈائنا سورز کی اس فلم نے چین میں پہلے ہی دن ایک کروڑ امریکی ڈالر سے زائد کی کمائی کرکے کئی فلموں کو کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

مزید پڑھیں: جراسک ورلڈ:’فالن کنگڈم‘ کے بے قابو ڈائنا سور

فلم نے ابتدائی 2 ہفتوں میں برطانیہ اور آئرلینڈ سے 90 لاکھ امریکی ڈالر، جنوبی کوریا سے 65 لاکھ، جرمنی سے 48 لاکھ اور فرانس سے 43 لاکھے امریکی ڈالر بٹورے۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

فلم نے بھارت میں بھی مقامی فلموں سے اچھی کمائی کی ہے۔

باکس آفس موجو کی رپورٹ کے مطابق ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کی تیاری پر مجموعی طور پر 17 کروڑ امریکی ڈالر کی لاگت آئی تھی، تاہم فلم نے اب تک 37 کروڑ امریکی ڈالر کمالیے ہیں۔

جب کہ تاحال فلم کو شمالی امریکا، برازیل، آسٹریلیا اور جاپان جیسی مارکٹیس میں ریلیز نہیں کیا گیا۔

پروڈیوسرکولن ٹریورو کی ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کی ہدایات جے اے بایونا نے دی ہیں۔

فلم کی کاسٹ میں کرس پراٹ، بریس ڈلاس ہوورڈ، بی ڈی وونگ، جیمز کارم ویل، ٹیڈ لوینی، جسٹس سمتھ اور ٹوبی جونز سمیت دیگراداکار شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں