معروف ڈائناسور فرنچائزسائنس فکشن فلم ’جراسک ورلڈ‘ کی پانچویں فلم ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کو دنیا کے 30 مختلف ممالک میں ریلیز کردیا گیا۔

جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم کو ابتدائی طور پر7 جون کو صرف 7 جب کہ 8 جون کو مزید 23 مختلف ممالک میں ریلیز کیا گیا۔

فلم نے ابتدائی 2 دن میں دنیا کے 30 ممالک سے مجموعی طور پر 3 کروڑ 93 لاکھ امریکی ڈالر (پاکستانی 4 ارب روپے سے زائد) کی کمائی کرلی۔

دیو قامت تباہی پھیلاتے ڈائنا سور کی داستان پر مبنی اس فلم کو تاحال شمالی امریکا میں ریلیز نہیں کیا گیا، جہاں فلم کی کمائی کے ممکنہ ریکارڈ بننے کی چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں۔

ورائٹی کے مطابق ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ نے روس، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، بھارت، برطانیہ اور تائیوان کی باکس آفسز سے ابتدائی 2 دن میں 3 کروڑ 93 لاکھ امریکی ڈالر بٹورے۔

یہ بھی پڑھیں: جراسک ورلڈ:’فالن کنگڈم‘ کے بے قابو ڈائنا سور

’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کو شمالی امریکا میں رواں ماہ 22 جون جب کہ چین میں اسے 15 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔ پاکستان میں بھی اس فلم کو آئندہ ہفتے پیش کیا جائے گا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

خیال کیا جا رہا ہے کہ جراسک ورلڈ سیریز کی پانچویں فلم شمالی کوریا میں ریلیز کے ابتدائی ہفتے میں ہی 15 کروڑ ڈالرز بٹورنے میں کامیاب جائے گی۔

پروڈیوسرکولن ٹریورو کی ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کی ہدایات جے اے بایونا نے دی ہیں۔

فلم کی کاسٹ میں کرس پراٹ، بریس ڈلاس ہوورڈ، بی ڈی وونگ، جیمز کارم ویل، ٹیڈ لوینی، جسٹس سمتھ اور ٹوبی جونز سمیت دیگراداکار شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ’جراسک ورلڈ‘ کی پانچویں فلم

خیال رہے کہ اس سیریز کی پہلی فلم ’جراسک پارک‘ کے نام سے 1993 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد اس کی دوسری فلم ’دی لاسٹ ورلڈ: جراسک پارک‘ 1997 میں ریلیز کی گئی۔

پہلی دو فلموں کی شاندار کامیابی کے بعد سیریز کی تیسری فلم ’جراسک پارک تھری‘ کے نام سے سال 2001 میں ریلیز کی گئی، اس سیریز کی چوتھی فلم ’جراسک ورلڈ‘ 2015 میں ریلیز کی گئی۔

اب 3 سال کے وقفے کے بعد اس سیریز کی پانچویں فلم کو ریلیز کیا گیا ہے، جو ممکنہ طور پر کئی فلموں کے ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں