44 سالہ ایشوریا رائے اور ‘جواں ہے محبت’

اپ ڈیٹ 12 جولائ 2018
اداکارہ نے طویل عرصے بعد رقص کیا—فائل فوٹو: انڈیا لنک
اداکارہ نے طویل عرصے بعد رقص کیا—فائل فوٹو: انڈیا لنک

بولی وڈ کی آنے والی فلم رومانٹک کامیڈی فلم ‘فنے خان’ کے ٹریلر کے بعد اب اس کا گانا ‘جواں ہے محبت’ جاری کردیا گیا۔

اس گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں 44 سالہ ایشوریا رائے آئٹم گرل کی طرح ڈانس کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

جب کہ اس سے زیادہ خاص بات یہ ہے کہ 1946 میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلم ‘انمول گھڑی’ کے اس گانے کو خصوصی طور پر ریمیک کرکے فلم میں شامل کیا گیا ہے۔

‘جواں ہے محبت’ میں ادھیڑ عمر ایشوریا رائے کسی نوجوان لڑکی کی طرح ہولی وڈ انداز میں رقص کرتی دکھائی دی رہی ہیں، جب کہ اس کے ساتھ ساتھی اداکاراؤں کو بھی ڈانس کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ کا نیا خان ’فنے خان‘

‘جواں ہے محبت’ کے نئے بول ارشاد کامل نے لکھے ہیں، جب کہ اس میں سنیدھی چوہان نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

اس گانے کے رقص کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں رقص کرنے کے لیے ایشوریا رائے نے ڈانس کے کرتب عالمی کوریوگرافر فرانک گیسٹر جونیئر سے سیکھے ہیں، جنہوں نے معروف امریکی گلوکارہ بیونسے، ریحانہ اور جونیفیر لوپیز جیسی گلوکاراؤں کو بھی ڈانس سکھائی۔

اطلاعات ہیں کہ ‘فنے خان’ میں ایشوریا رائے کے ڈانس سے بھرپور اس گانے کے علاوہ بھی مزید 2 آئٹم سانگ شامل ہوں گے، جن میں اداکارہ پہلی بار ایک پاپ اسٹار بن کر ڈانس کرتی دکھائی دیں گی۔

فلم میں انہوں نے ایک پاپ گلوکارہ کا کردار ادا کیا ہے، جنہیں فلم میں ایک ناکام گلوکار والد کا کردار ادا کرنے والے انیل کپور اپنے دوست راج کمار راؤ کے ساتھ مل کر اس لیے اغوا کرتے ہیں کہ وہ انیل کپور کی بیٹی کو گلوکاری سکھا سکیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

فلم کی کہانی گلوکاروں کے علاوہ ایک والد کی جانب سے اپنی بیٹی کو معروف گلوکارہ بننے کے گرد گھومتی ہے۔

مزید پڑھیں: بیٹی کو گلوکارہ بنانے کا خواب دیکھنے والا فنے خان

یہ پہلا موقع ہے کہ ایشوریا رائے اور انیل کپور 18 سال بعد ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے، تاہم راج کمار راؤ کے ساتھ ان کی پہلی فلم ہوگی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

فلم کا پہلا ٹیزر ٹریلر گزشتہ ماہ 26 جون کو جاری کیا گیا تھا، جب کہ اس کا مکمل ٹریلر رواں ماہ 6 جولائی کو جاری کیا گیا تھا۔

پروڈیوسر راکیش اوم پرکاش مہرا اور انیل کپور کی اس فلم کی ہدایات اتل منجریکر نے دی ہیں۔

یہ فلم بیلجیم کی 18 سال قبل یعنی 2000 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’ایوری باڈیز فیمس‘ کا آفیشل ریمیک ہے۔

’فنے خان‘ کو رواں برس 3 اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں