بولی وڈ کا نیا خان ’فنے خان‘

اپ ڈیٹ 27 جون 2018
فنے خان کو رواں برس 3 اگست کو ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو
فنے خان کو رواں برس 3 اگست کو ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو

ویسے تو بولی وڈ میں شاہ رخ، سلمان اور عامر خان کے چرچے رہتے ہیں، تاہم جلد ہی اسکرین پر لوگوں کا بولی وڈ کا ایک نیا خان یعنی ’فنے خان‘ نظر آئے گا۔

کیوں کہ بولی وڈ کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’فنے خان‘ کا پہلا ٹیزر ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں ایشوریا رائے، راج کمار راؤ اور انیل کپور کو دکھایا گیا ہے۔

تاہم ٹیزر ٹریلر دیکھ کریہ واضح نہیں ہوتا کہ فلم میں’فنے خان‘ کون ہوگا؟

پروڈیوسر راکیش اوم پرکاش مہرا اور انیل کپور کی اس فلم کی ہدایات اتل منجریکر نے دی ہیں۔

فلم میں ایشوریا رائے اور انیل کپور 18 سال بعد ایک ساتھ نظر آئیں گے، تاہم اطلاعات ہیں کہ اس بار بھی وہ ایک دوسرے کے ساتھ رومانس کرتے دکھائی نہیں دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشوریا اور انیل کپور 18 سال بعد ایک ساتھ
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ایشوریا رائے اور انیل کپور کی ایک ساتھ آخری فلم ’ہمارا دل آپ کے پاس ہے‘ 2000 میں ریلیز ہوئی تھی، اس سے قبل وہ 1999 میں دونوں نے ’تال‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا تھا، جس میں دونوں کی جوڑی کو سراہا گیا۔

’دل یہ بے چین وے‘ اور ’آپ کا دل ہمارے پاس ہے‘ جیسے مقبول گانوں کے ذریعے کئی عرصے تک شائقین کے دلوں پر راج کرنے والی جوڑی ایک بار پھر 18 برس بعد میوزیکل رومانٹک کامیڈی فلم میں جلوہ بکھیرتے نظر آئے گی۔

فلم کے ٹیزر ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ انیل کپور، ایشوریا رائے اور راج کمار راؤ تینوں ہی آرٹ، رقص و موسیقی کے دلدادہ ہیں، جو اپنی اپنی دنیا میں مگن رہتے ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ٹریلر دیکھ کر یہ سمجھنا مشکل ہے کہ فلم کے یہ تینوں مرکزی اداکار کیسے ایک دوسرے سے ملیں گے اور کس طرح فلم کی کہانی آگے بڑھے گی۔

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ایشوریا رائے طویل عرصے بعد بہترین رقص کرتی دکھائی دیں گی۔

مزید پڑھیں: ایشوریا اور راج کمار راؤ کی فنے خان

اطلاعات ہیں کہ فلم میں 2 آئٹم گانے بھی شامل ہوں گے، جن میں ممکنہ طور پر ایشوریا رائے ڈانس کرتی نظر آئیں گی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ایشوریا رائے نے اس فلم کے لیے ڈانس کے کرتب عالمی کوریوگرافر فرانک گیسٹر جونیئر سے سیکھے ہیں، جنہوں نے معروف امریکی گلوکارہ بیونسے، ریحانہ اور جونیفیر لوپیز جیسی گلوکاراؤں کو بھی ڈانس سکھائی۔

’فنے خان‘ کو رواں برس 3 اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یہ فلم بیلجیم کی 18 سال قبل یعنی 2000 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’ایوری باڈیز فیمس‘ کا آفیشل ریمیک ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں