جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل نے حال ہی میں پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا زیادہ چھکوں کا ریکارڈ برابر کیا ہے اور جلد ہی یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔

ایسے موقع پر عالمی شہرت یافتہ سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کرس گیل کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ سنگل وکٹ میں ان سے مقابلہ کر کے دیکھ لیں کہ کون زیادہ چھکے لگاتا ہے۔

کرس گیل نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں 73رنز کی اننگز کے دوران آفریدی کا تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 476 چھکوں کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔

آفریدی نے ریکارڈ برابر کرنے پر کرس گیل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورس باس نے میرے ریکارڈ پر قبضہ جما لیا جس کے وہ مستحق تھے۔ میں ایک دن ان کے ساتھ سنگل وکٹ میچ کھیلنا چاہوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس میچ میں دیکھیں گے کہ کون زیادہ چھکے مارتا ہے اور اس میں آؤٹ ہونے کا قانون بھی نہیں ہو گا۔

اس سے قبل آفریدی کا ریکارڈ برابر کرنے پر کرس گیل نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ازراہ مذاق کہا تھا کہ اب میں مزید چھکے نہیں لگاؤں گا اور بو بوم آفریدی مطمئن رہیں کہ ان کا ریکارڈ محفوظ ہے۔

شاہد آفریدی نے ون ڈے کرکٹ میں 351، ٹی20 انٹرنیشنل میں 73 اور ٹیسٹ میچوں میں 52 چھکے لگائے جبکہ ان کے مقابلے میں گیل نے ون ڈے کرکٹ میں 275، ٹی20 انٹرنیشنل میں 103 اور ٹیسٹ میچوں میں 98 بار گیند کو باؤنڈری کے پار پھینکا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں