ہسپانوی فٹ بال لیگ لا لیگا 19-2018 سیزن کے جمعہ سے شروع ہونے والے تمام میچز پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، بھارت، مالدیپ، نیپال اور سری لنکا میں فیس بک کے ذریعے مفت براہ راست دیکھے جاسکیں گے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق لا لیگا کے صدر ژاویئر تیباس کا کہنا تھا کہ ’ہمیں خوشی ہے کہ ہم فیس بک کے ساتھ مل کر بر صغیر میں تمام لا لیگا کے مداحوں کے لیے مفت نشریات کا آغاز کر رہے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس اقدام سے خطے میں لا لیگا کے مداحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور یہ تمام افراد فیس بک کے ذریعے اسے مفت میں دیکھ سکیں گے‘۔

مزید پڑھیں: ریال میڈرڈ 33ویں مرتبہ لا لیگا کی چیمپیئن

واضح رہے کہ فیس بک اور لا لیگا کے درمیان ہونے والا معاہدہ لالیگا کے اگلے 3 سیزنز تک برقرار رہے گا۔

اس معاہدے کے حوالے سے مالیاتی تفصیلات بیان میں سامنے نہیں آئیں تاہم ہسپانوی کھیلوں کے اخبار ’مارکا‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ 9 کروڑ یورو میں کیا گیا۔

خیال رہے کہ رواں سال جون کے مہینے میں لا لیگا نے بیرون ممالک ناظرین کے لیے 4.48 ارب یورو میں 2019 سے 2024 کے درمیان اپنے 5 سیزنز کے لیے معاہدے کی تجدید کے حوالے سے اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: رونالڈو کا لا لیگا میں نیا منفرد ریکارڈ

فیس بک نے رواں ماہ کے آغاز میں برطانوی نشریاتی ادارے الیون اسپورٹس سے معاہدہ کیا تھا کہ وہ ہر ہفتے ایک ’لا لیگا‘ اور ایک ’سیری اے‘ کا میچ فیس بک پر دکھائے گا۔

مشرق وسطیٰ، افریقہ، یورپ کے لیے فیس بک کے براہ راست کھیلوں کی نشریات کے ذمہ دار رائس بیئر کا کہنا تھا کہ ’یہ معاہدہ نشریاتی اداروں کو نئے ناظرین تک پہنچانے کا پہلا قدم ہے تاکہ وہ اپنا نام اور مضبوط کرسکیں اور کھیلوں کے مداحوں کو فیس بک کے ذریعے بہتر نشریات پہنچا سکیں‘۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایمیزون نے برطانیہ میں 20 پریمیئر لیگ کے میچز دکھانے کے رائٹس خریدے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں