فہد مصطفیٰ نے خود کو پاکستان کا سلمان خان قرار دے دیا

خود کو پاکستان کا سلمان خان سمجھتا ہوں، فہد مصطفیٰ—اسکرین شاٹ
خود کو پاکستان کا سلمان خان سمجھتا ہوں، فہد مصطفیٰ—اسکرین شاٹ

پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ یوں تو آج تک اداکاری کے لیے بھارت نہیں گئے، تاہم وہ بھارتی فلم انڈسٹری اور وہاں کے کامیاب ہیروز کی شہرت سے اچھی طرح واقف ہیں۔

اگرچہ ماضی میں فہد مصطفیٰ یہ اعتراف بھی کرچکے ہیں کہ وہ واحد پاکستانی اداکار ہیں جو بھارت گئے بغیر مشہور ہوئے ہیں۔

تاہم اب انہوں نے خود کو ہی پاکستان کا سلمان خان قرار دے دیا۔

جی ہاں، فہد مصطفیٰ نے گزشتہ چند سال سے ہر عید پر اپنی فلموں کی نمائش کو دیکھتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ وہ بھی بھارت کے سلمان خان کی طرح ہیں، جو ہر عید پر اپنی فلمیں نمائش کے لیے پیش کرتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے ‘بی بی سی ایشین نیٹ ورک’ سے بات کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے کہا کہ گزشتہ چند سال سے پاکستانی فلم ساز ہر عید پر اچھی فلمیں نمائش کے لیے پیش کرتے ہیں، کیوں کہ شاید ایسے مواقع پر زیادہ لوگ سینماؤں کا رخ کرتے ہیں۔

فہد مصطفیٰ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی گزشتہ چند سال سے عید پر اپنی فلمیں ریلیز کرتے ہیں، جس وجہ سے وہ خود کو پاکستان کا سلمان خان سمجھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: واحد پاکستانی اداکار ہوں جو بولی وڈ گئے بغیر مشہور ہوا: فہد مصطفیٰ

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عید پر ان کی 2 فلمیں ریلیز ہوئیں اور دونوں کی شوٹنگ بھی ایک ساتھ ہوئی، جس وجہ سے 2 مختلف کرداروں کو ادا کرنا ان کے لیے چیلنج ثابت ہوا۔

ان کے مطابق ان پر فلموں کی کامیابی کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں، کیوں کہ وہ فلموں کے صرف اداکار ہیں، پروڈیوسر نہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستانی فلم انڈسٹری کو خواتین کے مرکزی کرداروں پر ‘کیک’ جیسی بنائی گئی فلموں سے زیادہ کمرشل مصالحہ فلمیں بنانے کی ضرورت ہے۔

اداکار نے دلیل دی کہ ابھی لوگوں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے ہمیں مصالحہ فلمیں بنانی چاہیے، تاکہ لوگ فلمیں دیکھنے کے لیے سینماؤں کا رخ کریں۔

مزید پڑھیں: لوڈ ویڈنگ فہد مصطفیٰ اور جوانی پھر نہیں آنی 2

فہد مصطفیٰ نے رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ‘کیک’ کی تعریف بھی کی۔

خیال رہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر فہد مصطفیٰ کی 2 فلمیں ‘جوانی پھر نہیں آنی 2‘ اور ’لوڈ ویڈنگ’ ریلیز ہوئی ہیں۔

‘جوانی پھر نہیں آنی 2‘ نے ابتدائی 2 دن میں ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے دنیا بھر سے 10 کروڑ 72 لاکھ روپے سے زائد کی کمائی کی ہے۔ ساتھ ہی لوڈ ویڈنگ نے بھی اچھی کمائی کرکے اچھا آغاز کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں