ایشین گیمز: پاکستان نے والی بال میں بھارت کو شکست دے دی

اپ ڈیٹ 28 اگست 2018
بھارت کے خلاف والی بال میچ میں پاکستانی کھلاڑی پوائنٹ اسکور کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی
بھارت کے خلاف والی بال میچ میں پاکستانی کھلاڑی پوائنٹ اسکور کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی

جکارتا: 18ویں ایشین گیمز مینز انڈور والی بال ٹورنامنٹ میں پاکستان نے کلاسیفکیشن کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے دی جبکہ بیس بال ایونٹ میں اسے چین کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز میں منگل کو کھیلے گئے والی بال ایونٹ میں ساتویں سے بارہویں پوزیشن کے کلاسیفکیشن کوارٹر فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے تھا۔

بھارت نے پہلے سیٹ میں پاکستان کو 25 کے مقابلے میں 21 پوائنٹس سے ہرایا تاہم بھارت برتری برقرار نہ رکھ سکا اور پاکستان نے اگلے تینوں سیٹ میں بھارت کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔

پاکستان نے دوسرے سیٹ میں بھارت کو 25 کے مقابلے میں 21 پوائنٹس سے شکست دی جبکہ تیسرے اور چوتھے سیٹ میں بھی بالترتیب 25-21 اور 25-23 سے ہرا دیا۔

پاکستانی ٹیم نے میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کو 1-3 سیٹس سے شکست دے کر کلاسیفکیشن سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اس کا مقابلہ چین سے ہو گا۔

دوسری جانب بیس بال ایونٹ میں پاکستان کو چین کے ہاتھوں 3 کے مقابلے میں 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: ایشین گیمز: ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

اسکوائش مینز ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے فلپائن کو شکست دے کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی جبکہ قومی ویمنز ٹیم کو متواتر تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

منگل کو کھیلے گئے مینز ٹیم ایونٹ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فلپائن کو 0-3 سیٹس سے ہرا کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی۔

پاکستانی کھلاڑیوں محمد عاصم، طیب اسلم اور اسرار احمد نے فلپائنی کھلاڑیوں کو ہرا کر ٹیم کو 0-3 سے کامیابی دلائی۔

گرین شرٹس نے اس سے قبل پہلے میچ میں جاپان اور دوسرے میچ میں نیپال کو شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔

پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا چوتھا گروپ میچ آج بدھ کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی نرگس کا ویمنز کراٹے میں کانسی کا تمغہ

دوسری جانب اسکوائش ویمنز ٹیم ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کو متواتر تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جاپان نے پاکستان وومن ٹیم کو 0-3 سے زیر کیا جس کے ساتھ ہی لگاتار تیسری شکست پاکستان کا مقدر بن گئی۔

پاکستانی وومن ٹیم چوتھے اور آخری گروپ میچ میں جمعرات کو فلپائن کے مدمقابل ہو گی۔

ایشین گیمز میں پاکستان نے اب تک تین کانسی کے تمغے جیتے ہیں جبکہ میڈلز ٹیبل پر چین 93 گولڈ سمیت 2 سو ایک میڈل جیت کر سرفہرست ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں