وزارتِ تجارت نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت منصوبوں پر چین کے ساتھ معاہدوں کے حوالے سے فنانشنل ٹائمز میں شائع ہونے والے مضمون کو مسترد کردیا۔

پاکستان کی وزارتِ تجارت کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ غیرملکی اخبار نے عبدالرزاق داؤد کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اس مضمون اور بالخصوص اس کی سرخی کو مسترد کرتا ہے۔

یاد رہے کہ فنانشل ٹائمز کی جانب سے 9 ستمبر کو ایک مضمون جاری کیا گیا جس میں انہوں نے امکان ظاہر کیا تھا کہ پاکستان، چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے (بی آر آئی) کے تحت بیجنگ سے ہونے والے معاہدوں میں اپنے کردار پر نظر ثانی کرے گا۔

مزید پڑھیں: ’پاکستان سی پیک منصوبے کے معاہدوں پر نظرثانی کرے گا‘

تاہم پاکستانی وزارتِ تجارت کے بیان میں وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ حال ہی میں چینی وزیرِ خارجہ وانگ زی نے پاکستان کا دورہ کیا اور انہوں نے اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات پر زور دیا جبکہ سی پیک سے متعلق چین کے وعدوں کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔

وزارتِ تجارت کے بیان کا عکس
وزارتِ تجارت کے بیان کا عکس

وزارتِ تجارت نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے چینی حکام کو یقین دلایا گیا تھا کہ سی پیک منصوبہ حکومت کے لیے قومی ترجیحات میں شامل ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ چین کی جانب سے دونوں ممالک کے لیے سی پیک منصوبے کی افادیت کے بارے میں روشنی بھی ڈالی گئی تھی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں سی پیک کے حوالے سے اتفاق ہے۔

وزارتِ تجارت نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم کے مشیر برائے تجارت کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-چین اقتصادی راہداری کے قرض کی ادائیگی کی تیاری

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ناقابلِ تسخیر ہیں جبکہ سی پیک پر حکومت کا عزم پختہ ہے۔

خیال رہے کہ فنانشل ٹائمز نے اپنے مضمون میں کہا تھا کہ وزیرِاعظم کے مشیر برائے تجارت، صنعت، ٹیکسٹائل اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان کی سابقہ حکومت نے بی آر آئی منصوبے کے سی پیک کے منصوبوں کے معاہدوں میں اپنا ہوم روک نہیں کیا تھا۔

غیر ملکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سی پیک منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے ایک 9 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کا اجلاس رواں ہفتے کسی بھی روز ہو سکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں