افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد سری لنکا ایشیا کپ سے باہر

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2018
افغانستان کے رحمت شاہ نے 90گیندوں پر 5چوکوں کی مدد سے 72رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے پی
افغانستان کے رحمت شاہ نے 90گیندوں پر 5چوکوں کی مدد سے 72رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے پی

افغانستان نے ایشیا کپ کے اہم میچ میں سری لنکا کو 91رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پانچ مرتبہ کی چیمپیئن ٹیم کو ایونٹ سے باہر کردیا۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے اوپنرز نے درست ثابت کر دکھایا۔

سری لنکن ٹیم کی خراب فیلڈنگ کا سلسلہ دوسرے میچ میں بھی جاری رہا اور حریف ٹیم کے اوپنرز نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 57رنز جوڑے، محمد شہزاد آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بنے جنہوں نے 34رنز بنائے۔

مزید پڑھیں: پاکستان ایشیا کپ کے اپنے پہلے معرکے میں کامیاب

اس کے بعد احسان اللہ کا ساتھ دینے رحمت شاہ آئے اور دونوں ے دوسری وکٹ کے لیے مزید 50رنز کی شراکت قائم کر کے افغانستان کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔

تاہم اس موقع پر افغانستان کو یکے بعد دیگرے دو وکٹوں سے محروم ہونا پڑا اور 45رنز بنانے والے احسان اللہ کے بعد کپتان اصغر افغان بھی پویلین لوٹے تو 110 رنز پر تین وکٹیں گر چکی تھیں۔

افغانستان کے بلے باز حشمت اللہ شاہدی آؤٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
افغانستان کے بلے باز حشمت اللہ شاہدی آؤٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

رواں سال افغانستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے رحمت شاہ نے اپنی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور حشمت اللہ کے ہمراہ 80رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 190 تک پہنچا دیا۔

اس مرحلے پر رحمت کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 72رنز بنانے کے بعد دشمانتھا چمیرا کی وکٹ بن گئے جبکہ حشمت اللہ نے بھی 37رنز بنا کر اپسی کی راہ لی۔

اختتامی اوورز میں تھسارا پریرا کی عمدہ باؤلنگ کے سبب افغانستان کے بلے باز زیادہ کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے اور پوری ٹیم 50ویں اوور کی آخری گیند پر 249رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپرلیگ 2019 کا آغاز 14 فروری کو ہوگا

پریرا نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 5وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکیلا دھننجیا نے بھی وکٹیں لیں۔

سری لنکا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو دوسری ہی گیند پر مجیب الرحمان نے کوشل مینڈس کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔

اپل تھارنگا اور دھننجیا ڈی سلوا نے اسکور کو 54تک پہنچایا ہی تھا کہ ڈی سلوا وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں 23رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

86کے اسکور پر راشد خان نے کوشل پریرا کی اننگز کا خاتمہ کیا جبکہ 2رنز کے اضافے سے اپل تھارنگا بھی گلبدین نائب کی وکٹ بن گئے۔

108 کے اسکور پر شیہان جے سوریا آوٹ ہوئے تو آدھی سری لنکن ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی لیکن کپتان اینجلو میتھیوز کی وکٹ پر موجودگی کو دیکھتے ہوئے ٹیم کی جیت کی موہوم سی امید اب بھی موجود تھی۔

میتھیوز اور تھسارا پریرا نے اسکور کر 143تک پہنچایا ہی تھا کہ محمد نبی نے سری لنکن کپتان کی وکٹ حاصل کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی راہ میں حائل واحد رکاوٹ کا بھی خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد افغان ٹیم کو سری لنکا کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 158 رنز بنا کر 91 رنز کی بدترین شکست سے دوچار ہو گئی۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان، راشد خان اور محمد نبی کے سات ساتھ گلبدین نائب نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی سری لنکا کی ٹیم ایشیا کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہو گئی۔

رحمت شاہ کو 72رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ٹاس

اس سے قبل افغانستان نے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا ایشیا کپ کا یہ میچ سری لنکن ٹیم کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جہاں شکست کی صورت میں وہ ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔

ٹاس جیتنے کے بعد افغانستان کے کپتان اصغر افغان کا کہنا تھا کہ وہ ابو ظہبی کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہیں، اور ان سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوس کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بلے بازی ہی کرتے، تاہم لاستھ ملنگا نے گزشتہ میچ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، امید ہے کہ وہ اس میچ میں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلوائیں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان ایشیا کپ کے اپنے پہلے معرکے میں کامیاب

افغانستان کی ٹیم میں اصغر افغان (کپتان)، محمد شہزاد، احسان اللہ، رحمت شاہ، گلبدین نائب، حسمت اللہ شہیدی، نجیب اللہ زادران، محمد نبی، راشد خان نجیب الرحمٰن اور آفتاب عالم شامل ہیں۔

سری لنکا کی ٹیم کپتان انجیلو میتھیوس، کوشل مینڈس، اپل تھرنگا، دھننجیا ڈی سلوا، کوشل پریرا، دسن شناکا، تھیسارا پریرا، شہان جے سوریا، اکیلا دھننجیا، دشمنتھا چمیرا اور لاستھ ملنگا پر مشتمل ہے۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ میں ابتدائی میچ میں سری لنکا کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گزشتہ روز پاکستان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمزور حریف ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں