افغان صدر اشرف غنی کے ایک روزہ دورہ بھارت کے فوری بعد یہاں تعینات افغانستان کے سفیر ڈاکٹر شائدہ ابدالی نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

طلوع نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں افغان سفیر نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ انتہائی مشکل لیکن بہت ضروری فیصلہ ہے'۔

شائدہ ابدالی کا کہنا تھا کہ بھارت میں افغانستان کے لیے کئی سال تک خدمات انجام دینے کے بعد وہ محسوس کرتے ہیں کہ 'اب وقت ہے کہ وہ واپس اپنے وطن جائیں اور اپنے ملک میں رہتے ہوئے اس کے لیے خدمات انجام دیں'۔

سابق افغان سفیر کا کہنا تھا کہ 'بھارت میں خدمات انجام دینا میرے لیے بڑے اعزاز اور استحقاق کی بات ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے نہ صرف مجھے گھر جیسا احساس دیا بلکہ ساتھ ہی اس نے میرے 2 دہائیوں کے طویل سیاسی کیریئر میں علم کی دولت اور تجربے کا تسلسل بھی بڑھایا'۔

خیال رہے کہ افغان سفیر کے مستعفی ہونے کا اعلان افغان صدر اشرف غنی کے دورہ بھارت کے ایک روز بعد ہی سامنے آیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز افغان صدر نے اپنے ایک روزہ دورے کے دوران بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی جس میں 'مزید تعاون بڑھانے' کے حوالے سے بات چیت کی گئی تھی۔

اپنے مزید ٹوئٹس میں مستعفی ہونے والے سفیر کا کہنا تھا کہ اپنی تعیناتی کے دوران انہوں ںے 2 ممالک کے تعلقات کو 'مضبوط سے مضبوط تر' ہوتے دیکھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں