پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز کے باوجود اکتوبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے۔

ڈان نیوز کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کم کر کے ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قبل ازیں اوگرا نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 4 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز پر مبنی سمری وزارتِ خزانہ کو ارسال کردی تھی۔

مزید پڑھیں:اوگرا کی پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں 4 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز

اوگرا حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ ستمبر کے مہینے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ کرنسی تبادلے کی شرح مستحکم رہی۔

سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اوگرا نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافے اور پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافے کی سمری بھیجی تھی۔

اس کے ساتھ ساتھ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا تھا اور ان دونوں مصنوعات کے لیے 3 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:اسٹیٹ بینک کی 2 ماہ کی زری پالیسی، شرح سود میں اضافہ

وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ اوگرا نے ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 41 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے، پیٹرول 4 روپے 10 پیسے، مٹی کا تیل 3 روپے 66 پیسے مہنگا کرنے اور لائٹ ڈیزل 3 روپے 39 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں