اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے جرمن چانسلر اینجیلا مرکل اور مالدیپ کے نو منتخب صدر ابراہیم محمد صالح سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں ممالک کے ساتھ باہمی تجارت کے اور تعلقات کے فروغ کا عزم کیا۔۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جرمن چانسلر اینجیلا مرکل نے عمران خان کو فون کر کے عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا.

اس کے ساتھ انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اورخطے اور عالمی سطح کے باہمی مفادات کے معاملات پر مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیراعظم کا عمران خان کو فون، جیت پر مبارکباد

اس موقع پر وزیراعظم نے جرمن چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور جرمنی کے ساتھ دو طرفہ مفاد، وسیع النظری اور طویل مدتی بنیادوں پر باہمی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جرمنی یورپ میں پاکستان کا بہت بڑا تجارتی شراکت دار رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی، آٹوموبائل کے شعبے میں تعاون اور ہائیڈروالیکٹرک انجن جنریشن میں سرمایہ کاری کے خاصے موقع موجود ہیں۔

وزیر اعظم نے انجیلا مرکل کو خطے کے امور، خاص کر افغانستان میں قیامِ امن اور بھارت کے ساتھ تعلقات کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: چینی وزیر اعظم کا عمران خان کو فون، دورے کی دعوت

اس کے ساتھ عمران خان نے بھارت کے ساتھ تمام معاملات جامع مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا, دورانِ گفتگو جرمن چانسلر نے وزیر اعظم عمران خان کو جرمنی کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

بعدازاں وزیر اعظم نے مالدیپ کے نو منتخب صدر ابراہیم محمد صالح کو فون کر کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مالدیپ ایک نئے دور میں داخل ہورہا ہے اور نو منتخب صدر کی زیر قیادت ملک اور اس کی عوام کامیابی اور خوشحالی کی نئی منازل طے کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے وزیراعظم پاکستان کا عہدہ سنبھال لیا

دونوں رہنماؤں نے سنجیدہ سطح پر، مذہبی ہم آہنگی اور قریبی تعاون کی بنیاد پر باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔

اس کے ساتھ انہوں نے دونوں ممالک کی عوام کی بہتری کے لیے باہمی مفادات کے معاملات پر مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

اس گفتگو میں مالدیپ کے نو منتخب صدر نے فون پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بھی عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی جبکہ انہوں نے بھی وزیر اعظم کو دورہ مالیپ کی دعوت دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں