سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور ٹیکس بچانے کے الزامات کو ایک مرتبہ پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیماری کی وجہ سے لندن میں موجود ہوں اور صحت ٹھیک ہوتے ہی وطن واپس لوٹ آؤں گا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور ٹیکس بچانے کے الزام میں سابق وزیر خزانہ کی جائیداد کو نیلام کرنے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی قومی خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں: احتساب عدالت کا اسحٰق ڈار کے اثاثے نیلام کرنے کا حکم

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ مجھ پر ٹیکس بچانے کے حوالے سے لگایا گیا الزام بے بنیاد ہے، میری کوئی فیکٹریاں نہیں چلتیں جس کے لیے ٹیکس بچاؤں۔

اپنے اثاثوں کی نیلامی پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے پرویز مشرف کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک آمر کے گھر کو ڈی سیل کیا جا رہا ہے اور میرے اثاثے نیلام کیے جا رہے ہیں لیکن یہ جو کرنا ہے کر لیں، میری جائیدادیں اللہ کی امانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین توڑنے اور ججوں کو قید کرنے والے آمر کو پاسپورٹ واپس کیا جا رہا ہے اور میرا پاسپورٹ منسوخ کر کے اثاثے نیلام کیے جا رہے ہیں۔

وطن واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں بیمار ہوں، لندن میں خوشی سے نہیں بیٹھا ہوا اور نہ ہی یہاں جھوٹی رپورٹیں بنتی ہیں، جب صحت اجازت دے گی تو وطن واپس لوٹ آؤں گا۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے اسحٰق ڈار کی جائیداد کو نیلام کرنے سے متعلق احتساب عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسحٰق ڈار اثاثہ جات کیس: شریک ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

درخواست میں نیب نے موقف اختیار کیا تھا کہ جائیداد قرق کرنے کے 6 ماہ بعد تک ملزم عدالت سے رجوع کر سکتا ہے، تاہم ملزم کی جانب سے ابھی تک کوئی اعتراض نہیں کیا گیا لہٰذا ان کی جائیداد نیلام کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے گی۔

اسحٰق ڈار کے اثاثے

عدالت میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں بتایا گیا تھا کہ اسحٰق ڈار اور ان کی اہلیہ کی شراکت میں ٹرسٹس کے لاہور اور اسلام آباد میں مختلف نجی بنکوں میں اکاؤنٹس ہیں۔

علاوہ ازیں اسحٰق ڈار کے لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایک گھر اور 4 پلاٹس ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت میں بھی ان کے 4 پلاٹس ہیں۔ اسحٰق ڈار اور ان کی اہلیہ کے پاس پاکستان میں 3 لینڈ کروزر گاڑیاں، 2 مرسڈیز اور ایک کرولا گاڑی ہے۔

سابق وزیرِ خزانہ اسحٰق ڈار اور ان کی اہلیہ نے ہجویری ہولڈنگ کمپنی میں 34 لاکھ 53 ہزار کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: '2ماہ بعد پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی'

بیرونِ ملک جائیداد کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسحٰق ڈار کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں 3 فلیٹس اور ایک مرسیڈیز گاڑی ہیں جبکہ بیرون ملک 3 کمپنیوں میں شراکت بھی ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے اسحٰق ڈار کی جائیداد کو نیلام کرنے سے متعلق احتساب عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔ نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی تھی کہ عدالت اسحٰق ڈار کی قرق شدہ جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے، ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ جائیداد کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں