مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ اگلے 2 ماہ بعد پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا اور پھر یہاں ان کی جماعت کی حکومت ہوگی۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کو معلوم ہے کہ پی ٹی آئی کو کس طرح حکومت دی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب یہ سوچ سامنے آرہی ہے کہ پی ٹی آئی والے اپنے دورِ اقتدار میں ڈلیور نہیں کر پارہے، اور یہ بھی احساس ہورہا ہے کہ الیکشن میں غلط ہوا۔

پی ٹی آئی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے رانا مشہود کا کہنا تھا کہ انتخابات میں جیتنے والی جماعت کو گھوڑا سمجھا گیا لیکن وہ خچر نکلی، تاہم اب سمجھ آگئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ہی بہتر انتخاب تھے۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت: 90 اعلیٰ افسران کی خدمات وفاق کو واپس دینے کا فیصلہ

حال ہی میں اداروں کے ساتھ ڈیل سے متعلق اپنے ایک انٹرویو کی وضاحت پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوئی نہ ہونے جارہی ہے بلکہ ان اداروں کے درمیان جو گفتگو ہوئی ہے اسی کی بنیاد پر دعویٰ کیا کہ پنجاب میں ہماری حکومت ہوگی۔

’کسی ڈیل کی کوئی بات نہیں ہوئی، اداروں کے درمیان جو گفتگو ہوتی ہے اس کی بنیاد پر بات کر رہا ہوں کہ پنجاب میں ہماری حکومت ہوگی‘۔

اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں عدلیہ یا عوامی فیصلے سے عثمان بزدار کی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا، اسی دوران ضمنی انتخابات بھی ہونے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف کا اتحاد بننے والے آزاد امید واروں سے جو وعدے کیے گئے وہ پورے نہیں ہوئے، یہ اراکینِ اسمبلی اپنے حلقوں میں منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہے۔

میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، رانا مشہود

بعد ازاں میڈیا میں خبریں منظر عام پر آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے نجی نشریاتی ادارے پر ان کے حوالے سے چلائے گئے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نجی ٹی وی نے میرے بیان کے سیاق و سباق سے ہٹ کر کلپ آن ائیر کیے ہیں، متعلقہ ٹی وی کی انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سیاق وسباق اور سوال کے تناظر سے ہٹ کر گفتگو پیش کرنا صحافتی ضابطہ اخلاق کے مطابق نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری گفتگو کو خاص رنگ دے کر پیش کیا گیا۔

رانا مشہود کا بیان قابل حیرت اور باعث تعجب ہے، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے رانا مشہود کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رانا مشہود کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا مشہود کے بیان کا مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رانا مشہود کا بیان قابل حیرت اور باعث تعجب ہے، ان کے بیان پر جواب طلب کیا جا رہا ہے۔

ملک لوٹنے والوں کو دوبارہ حکومت نہیں ملے گی، نعیم الحق

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے رانا مشہود کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ملکی دولت لوٹنے کے بعد بھی یہ لوگ خواب دیکھ رہے ہیں کہ انہیں حکومت مل جائے گی۔

رانا مشہود کے دعوے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی امکان نہیں، ہر کسی کو خواب دیکھنے کا حق حاصل ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا ملک میں نیا بلدیاتی نظام متعارف کروانے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی جو بنیاد رکھی گئی ہے وہ بہت گہری ہے، اور آئندہ 5 سال بعد ہماری جماعت اس سے بھی زیادہ اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

نعیم الحق نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں نے ملک میں لوٹ مار کی، اب انہیں قوم کو اس کا جواب دینا ہوگا۔

بلی تھیلے سے باہر آگئی، ڈاکٹر نفیسہ شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے رانا مشہود کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس بیان نے ثابت کردیا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوریت کے نام پر اسٹبلشمنٹ سے ڈیل کیلئے کوشاں تھی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Khalid khan Oct 02, 2018 06:34pm
Rana sahib still you are dreaming, kindly woke up.