بولی وڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور، جو سوشل میڈیا پر بھی سرگرم دکھائی دیتی ہیں، نے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا۔

33 سالہ اداکارہ نے ٹوئٹر چھوڑنے کی وجہ تو نہیں بتائی تاہم انہوں نے اپنے آخری پیغام میں کہا کہ ’ٹوئٹر بے حد منفی ہوگیا ہے‘۔

سونم کپور نے ٹوئٹر پر اپنے چاہنے والوں کو پیار اور امن کا پیغام بھی دیا۔

سونم کپور کی جانب سے ٹوئٹر چھوڑنے کی وجہ تو سامنے نہیں آئی تاہم ان کے اس آخری پیغام سے قبل سونم کپور کے ایک اور پیغام پر انہیں ٹوئٹر پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

سونم کپور نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’مجھے شہر میں آنے کے لیے 2 گھنٹے لگ چکے ہیں اور میں اب بھی اپنی منزل پر نہیں پہنچی، سڑکیں انتہائی خراب ہیں اور فضائی آلودگی بھی اتنی ہے کہ اپنے گھر سے نکلنا ایک ڈراؤنا خواب بن گیا ہے‘۔

ٹوئٹر پر ایک صارف نے ان کے پیغام کا اسکرین شاٹ لے کر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’یہ سب تمہاری وجہ سے ہے تم جیسے لوگ پبلک ٹرانسپورٹ یا کم فیول پر چلنے والی گاڑیاں استعمال نہیں کرتے، تمہیں پتہ ہے کہ تمہاری عالیشان گاڑیاں کتنا فیول کھاتی ہیں اور تمہارے گھر میں چلنے والے 10-20 ایئر کنڈیشنر جتنی بجلی لیتے ہیں ان ہی سب کی وجہ سے گلوبل وارمنگ ہوتی ہے، پہلے خود کی آلودگی پر قابو پاؤ‘۔

ٹوئٹر صارف کے جواب میں سونم کپور کا کہنا تھا کہ ’اور یہ تم جیسے لوگ ہوتے ہیں جن کی وجہ سے خواتین پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر نہیں کرتیں کیونکہ انہیں ہراساں کیے جانے کا ڈر ہوتا ہے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں