مخالف کھلاڑی کی بدتمیزی پر وارنر اننگز ادھوری چھوڑ کر میدان سے باہر آ گئے

27 اکتوبر 2018
بال ٹیمپرنگ کے الزام میں اسٹیو اسمتھ کے ساتھ ساتھ ڈیوڈ وارنر پر بھی ایک سال کی پابندی عائد ہے— فائل فوٹو
بال ٹیمپرنگ کے الزام میں اسٹیو اسمتھ کے ساتھ ساتھ ڈیوڈ وارنر پر بھی ایک سال کی پابندی عائد ہے— فائل فوٹو

پابندی کا شکار آسٹریلین اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر مخالف کھلاڑی کی جانب سے لفظی حملوں اور ہتک آمیز جملے بولنے پر میچ ادھورا چھوڑ کر گراؤنڈ سے باہر آ گئے۔

واقعہ ہفتے کو سڈنی میں گریڈ میچ کے دوران پیش آیا جب وہ اپنے کلب وینڈوک پیٹرشام کے لیے بیٹنگ کر رہے تھے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق جس وقت واقعہ پیش آیا اس وقت وارنر 35رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے اور مخالف ٹیم کے کھلاڑی کی جانب سے ہتک آمیز جملے ادا کرنے پر میچ ادھورا چھوڑ کر میدان سے باہر چلے گئے۔

وہ مخالف ٹیم کے کھلاڑی کے رویے پر خوش نہیں تھے اور انہوں نے امپائر سے کہا کہ وہ میچ سے دستبردار ہو رہے ہیں لیکن یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں مخالف کھلاڑی نے کیا جملے بولے تھے۔

مزید پڑھیں: بال ٹیمپرنگ معاملہ: اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر پر ایک سال کی پابندی عائد

بعدازاں ان کے کلب کے کھلاڑیوں نے تجربہ کار اوپننگ بلے باز کو منایا اور انہیں دوبارہ میدان میں جا کر کھیلنے پر راضی کر لیا۔

وارنر نے مخالف ٹیم کے اس رویے کا بدلہ لینے کی ٹھانی اور بلے سے بھرپور جواب دیتے ہوئے میچ میں سنچری اسکور کی۔

مایہ ناز اوپننگ بلے باز نے مجموعی طور پر 6گھنٹے بیٹنگ کرتے ہوئے 12چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 257گیندوں پر 157رنز کی اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلین کھلاڑی کیمرون بین کرافٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے برخلاف پیلے رنگ کے ٹیپ سے گیند کو رگڑتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔

بعدازاں کپتان اسٹیون اسمتھ نے بال ٹیمپرنگ کا اقرار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہماری ٹیم کی قیادت کا منصوبہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بال ٹیمپرنگ پر اسمتھ، وارنر اور بین کرافٹ معطل، وطن واپسی کا حکم

اس واقعے پر آسٹریلین ٹیم کو دنیا بھر سے سمیت اپنے ملک سے بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور یہاں تک کہ آسٹریلین وزیر اعظم نے اسمتھ کو فوری طور پر قیادت سے ہٹانے کا حکم جاری کیا تھا۔

اسمتھ کو ٹیسٹ میچ کے دوران ہی قیادت سے ہٹا کر وکٹ کیپر بلے باز ٹم پین کو یہ ذمے داری سونپ دی گئی تھی۔

آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے بال ٹیمپرنگ معاملے پر سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک سال کے لیے پابندی عائد کردی تھی جبکہ بین کرافٹ پر بھی 9ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں