یہودی عبادت گاہ پر حملہ : مسلم کمیونٹی کی متاثرین کیلئے فنڈز مہم

اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2018
امریکا کی مسلم کمیونٹی فنڈز جمع کررہی ہے — فوٹو : سیلیبرہٹ مرسی ٹوئٹر
امریکا کی مسلم کمیونٹی فنڈز جمع کررہی ہے — فوٹو : سیلیبرہٹ مرسی ٹوئٹر
—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

امریکا میں مقیم مسلم کمیونٹی نے یہودی عبادت گاہ پر حملے کے متاثرین کے لیے مذہبی رواداری کے تحت 43 ہزار ڈالر عطیہ جمع کرلیا۔

الجزیرہ میں شائع رپورٹ کے مطابق 'لانچ گڈ' نامی ویب سائٹ پر شروع ہونے والی فنڈنگ کا مقصد یہودی عبادت گاہ پر حملے کے ان تمام متاثرین کی مدد کرنا ہے ’ جو زخمی ہوئے اور وہ یہودی خاندان جنہوں نے اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھودیا‘۔

اس مہم کا آغاز فلاحی تنظیم 'سیلیبریٹ مرسی' کے بانی تارک المسیدی کی جانب سے کیا گیا تھا۔

مہم کے ذریعے عطیہ جمع کرنے کا ابتدائی ہدف 25 ہزار ڈالر تھا تاہم جو صرف 6 گھنٹے میں ہی پورا ہوگیا۔

مزید پڑھیں : امریکا فائرنگ: گرفتار حملہ آور کا یہودیوں پر نسل کشی کا الزام

بعدازاں مذکورہ ہدف بڑھا کر 9دن میں 50 ہزار ڈالر مقرر کیا گیا اور اب تک 43 ہزار ڈالر جمع ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب ہلاک شدگان کے لیے واشنگٹن میں مقیم ایرانی شہری شے الخاطری کی جانب سے 'گو فنڈ می' نامی ویب سائٹ پر فنڈنگ کا آغاز کیا گیا۔

شے الخاطری کا پٹس برگ واقعہ سے براہ راست کوئی تعلق نہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ’ کسی بھی تبدیلی کے لیے عطیہ بہت کم ہوتا ہے لیکن وہ ایک مہم بنا سکتے ہیں‘۔

'گو فنڈ می' مہم کے تحت اب تک 2 لاکھ 47ہزار ڈالر عطیہ جمع ہو چکا ہیں جبکہ ان کا ابتدائی ہدف ایک لاکھ ڈالر تھا۔

علاوہ ازیں شے الخاطری نے یہودی عبادت گاہ کے متاثرین کے لیے نیا ہدف 10 لاکھ ڈالر طے کرلیا۔

گوفنڈ می پیج پر موجود پوسٹ کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والی دی ٹری آف لائف یہودی عبادت گاہ اپنی ویب سائت پر عطیات وصول کررہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکا کے شہر پٹس برگ میں یہودی عبادت گاہ پر حملے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا: یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ، 11 افراد ہلاک

حملہ آور کی شناخت رابرٹ بوئرز کے نام سے ہوئی جو اب پولیس کی تحویل میں ہیں، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

الیگینی کاؤنٹی میڈیکل آفس کے مطابق عبادت گاہ پر حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک شادی شدہ جوڑا، برنیس اور سیلوان سیمون اور دو بھائی ، سیسل اور ڈیوڈ روزینتھل شامل تھے۔

ڈیوڈ روزینتھل کی عمر 54 برس تھی اور وہ سب سے چھوٹے تھے جبکہ ان کے سب سے بڑے بھائی روز میلینگر کی عمر 97 سال تھی۔

ہلاک ہونے والوں میں جوئس فائن برگ، رچرڈ گوٹفرائیڈ، جیری رابینووٹز، ڈینئیل اسٹین، میلون ویکس اور ارونگ ینگر شامل تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں