پانچ سالہ بچے کی 15 صفحات کی ’سی وی‘

09 نومبر 2018
— فوٹو: اے ایف پی / فائل
— فوٹو: اے ایف پی / فائل

کسی بھی ملازمت کے لیے درخواست دی جائی تو عموماً سی وی ایک سے 2 صفحات پر مشتمل ہوتی ہے لیکن چین کے ایک بچے نے اس وقت خبروں میں جگہ بنائی جب اس کی عمر سے دو گنا زیادہ صفحات پر مشتمل 'سی وی' سامنے آئی۔

چین کے شہر شنگھائی میں ایک 5 سالہ بچے کی سی وی نے چینی سوشل میڈیا پر عوام کی ایک بڑی تعداد کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا رکھی ہے۔

ہانگ کانگ کے اخبار ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق 15 صفحات پر مشتمل ’سی وی ‘ ایک اسکول میں داخلے کی درخواست کے ساتھ جمع کروائی گئی جس میں بچے کی منفرد شخصیت، مشاغل اور تجربات کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔

سی وی میں بچے کی فیملی اور تعلیمی قابلیت کا سیکشن بھی موجود ہے، اس کے ساتھ ہی ان تمام کتابوں کے نام بھی درج ہیں جو اس نے سال 2018 میں پڑھیں۔

15 صفحات پر مشتمل اس ’سی وی‘ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بچے نے اتنی کم عمری میں ہی 10 ہزار کتابیں پڑھ رکھی ہیں۔

اس حیران کن سی وی کی تصاویر چین کی سوشل میڈیا سائٹ 'ویبو پر شیئر کی گئی تھیں جس پر ہزاروں افراد نے تبصرہ کیا اور انہیں متعدد مرتبہ شیئر بھی کیا گیا۔

تاہم سی وی کی اصل پوسٹ ڈیلیٹ کردی گئی جبکہ مکمل دستاویز کو ویبو پر دوبارہ سے پوسٹ کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ چین میں بچے 6 یا 7 برس کی عمر میں پرائمری اسکول جانا شروع کرتے ہیں۔

بچے کی سی وی پر بعض افراد نے کہا کہ اس کے والدین انتہائی کم عمری میں اس سے بہت زیادہ امیدیں لگارہے ہیں۔

ایک ویبو صارف نے کہا کہ ’اس کا خوش حال بچپن لازمی طور پر برباد ہوگیا‘۔

ایک اور شخص نے تبصرہ کیا کہ بچے کے والدین دراصل سی وی کے ذریعے یہ کہہ رہے ہیں کہ ’وہ چین کے محدود تعلیمی ذرائع سے کافی پریشان ہیں اور شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے‘۔

لیکن ایک صارف نے کہا کہ بچے کے والدین اسے مستقبل کے لیے تیار کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ شنگھائی میں اکثر نجی اسکولوں میں انتہائی سخت مقابلہ پایا جاتا یے اور اکثر والدین یہ محسوس کرتے ہیں کہ انہیں اپنے بچوں کی مدد کے لیے بہت محنت کرنی ہوگی۔

تاہم ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ نے شنگھائی کے حکام نے پرائمری اسکولوں کو بچوں کی سی وی منظور کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

’عمر ایک غیر اہم تفصیل ہے‘

بچے کی سی وی کے ابتدائی صفحے پر ایک قول لکھا ہے کہ ’سوچ کامیابی کی طرف لے جاتی ہے، پیروی ناکامی کی طرف لے جاتی ہے‘۔

یہی ان کی والدہ کا ماننا ہے کہ سوچنا عمر بھر کی عادت ہونی چاہیے۔

بچے نے 'سی وی' میں اسکول لے جانے والی بس کے 6.5 کلومیٹر سفر کی تفصیلات بھی بتائی ہے کہ سفر اسے لطف دیتا ہے اور وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ کھیل سکتا ہے۔

بچہ پانچ سال کا ہونے پر پُرسکون ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ’زندگی ایک دوڑ ہے اور عمر ایک غیر اہم تفصیل ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں