جعلی اکاؤنٹس کیس: انور مجید، عبدالغنی، حسین لوائی کو کراچی سے منتقل کرنے کا حکم

اپ ڈیٹ 17 نومبر 2018
دائیں سے بائیں: انور مجید، حسین لوائی، عبدالغنی مجید — فائل فوٹو
دائیں سے بائیں: انور مجید، حسین لوائی، عبدالغنی مجید — فائل فوٹو

لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار اومنی گروپ کے انور مجید، عبدالغنی مجید اور حسین لوائی کی اپنا کیس کراچی سے منتقل کرنے کی درخواست مسترد ہوئے ملزمان کو اسلام اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالتِ عظمیٰ نے اومنی گروپ کے انور مجید، عبدالغنی مجید اور حسین لوائی کی جانب سے کیس کو کراچی سے منتقل نہ کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ سندھ میں رہ کر ان سے تفتیش نہیں ہوسکتی، کیونکہ یہ بااثر لوگ ہیں۔

مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کا مقدمہ درج ہوا تو اس کا بھی دفاع کر سکتا ہوں، زرداری

ملزمان کے وکیل جانب سے جمع کروائی گئی درخواست پر چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ آپ کیوں بار بار یہ کہتے ہیں کہ انور مجید اور دیگر کو کراچی سے کہیں اور منتقل نہیں کیا جائے.

جے آئی ٹی کی جانب سے ملزمان سے مزید تفتیش کے لیے ان کے انٹرویو کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی جسے چیف جسٹس نے منظور کرلیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جے آئی ٹی کو ہدایت جاری کی کہ وہ 10 روز میں رپورٹ مکمل کرکے عدالت میں پیش کریں۔

سماعت کے دوران انور مجید کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اومنی گروپ کو ایک ارب 20 کروڑ روپے سلک بینک، ایک ارب 80 کروڑ روپے سمٹ بینک، 4 ارب 98 کروڑ روپے نیشنل بینک اور 4 ارب 60 کروڑ روپے سندھ بینک کو ادا کرنے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: ایف آئی اے کی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بینکوں نے رقم کی منتقلی سے متعلق طریقہ کار پر بھی رضا مندی کا اظہار کردیا جس کے تحت یہ ادائیگیاں کیس اور پراپرٹی کی صورت میں کی جائیں گی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر مقررہ وقت تک ادائیگیاں نہیں ہوئیں تو قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

جے آئی ٹی کے رکن نے عدالت میں موقف اپنایا کہ اومنی گروپ اپنی جائیدادوں کی مارکیٹ قدر سے زائد قیمت لگا رہا ہے۔

مزید دیکھیں: سندھ حکومت کی جعلی اکاؤنٹ کیس میں گواہوں کو پیشکش

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جائیداوں کی قیمتوں کے حوالے سے تمام بینکوں کے سربراہان اپنے حلف نامے جمع کرائیں۔

چیف جسٹس نے اومنی گروپ کے انور مجید کو کراچی سے اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں منتقل کرنے کا حکم دیا۔

علاوہ ازیں عدالتِ عظمیٰ نے عبدالغنی مجید اور حسین لوائی کو بھی کراچی سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

تبصرے (0) بند ہیں