اسلام آباد: چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار 9 روزہ دورے پر آج لندن روانہ ہورہے ہیں، ان کی جگہ جسٹس گلزار احمد قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض سرانجام دیں گے۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار 20 نومبر سے 28 نومبر تک برطانیہ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ لندن میں مانچسٹر، برمنگھم اور بریڈ فورڈ کے دورے کے دوران ڈیم فنڈ سے متعلق تقریبات میں شرکت کریں گے۔

اپنے دورے کے آغاز پر چیف جسٹس برطانوی پارلیمنٹ کا دورہ کریں گے جہاں وہ برطانوی مسلم ارکان پارلیمنٹ سے خطاب بھی کریں گے۔

مزید پڑھیں: ڈیم فنڈ میں کروڑوں کی جائیداد دینے والے کے اہلخانہ سپریم کورٹ پہنچ گئے

اس کے علاوہ اپنے لندن کے دورے کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اپنے بیٹے نجم ثاقب کی گریجویشن کی تقریب اسناد میں شرکت اور سپریم کورٹ دیا میر بھاشا ڈیم کے لیے فنڈ جمع کرنے کے حوالے سے مہم میں حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ فنڈ جمع کرنے سے متعلق مہم کے لیے 21 نومبر کو گرے ان ہال میں تقریب ہوگی جس میں چیف جسٹس شرکت کریں گے، اس کے علا وہ 22 نومبرکو رائل نواب بلڈنگ، 23 نومبر کو مانچسٹر میں بھی اسی حوالے سے تقریبات ہوں گی۔

چیف جسٹس، ڈاکٹر طارق محمود اور معروف پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامرخان سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور ان کی جانب سے فنڈ کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں شریک ہوں گے۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں بھی چیف جسٹس کے شیڈول میں شامل ہیں جن کی درخواست پر چیف جٹس دورہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کٹاس راج کیس: عدالت کا سیمنٹ فیکٹری کو 10 کروڑ روپے ڈیم فنڈ میں جمع کروانے کا حکم

یاد رہے کہ چیف جسٹس اپنے غیر ملکی دورے کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کررہے ہیں۔

سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید خان کھوسہ پہلے سے ہی ملک سے باہر دورے پر ہیں، چیف جسٹس اور سینئر ترین جج کی عدم موجودگی پر جسٹس گلزار احمد قائم مقام چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کے فرائض سرانجام دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں